انصاف فراہمی کیلئے کشمیر حکومت نے انقلابی اقدامات اٹھائے،رضا علی خان

انصاف فراہمی کیلئے کشمیر حکومت نے انقلابی اقدامات اٹھائے،رضا علی خان

مظفرآباد(بیورورپورٹ) ایڈووکیٹ جنرل آزاد جموں وکشمیر رضا علی خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں قانون کی عملداری اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے حکومت آزاد کشمیر نے گزشتہ ایک سال میں کئی انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں خصوصاً’’آزاد جموں وکشمیر لاء کمیشن اور جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے قیام سے جلد از جلد انصاف کا حصول ممکن ہو جائے گااور نئی قانون سازی‘‘کے ذریعہ ایک مربوط اور شفاف انصاف کا نظام قائم ہوگا۔ چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء کی سربراہی میں بننے والے لا کمیشن اور جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی سے دوررس نتائج مرتب ہونگے ۔ ان خیالات کا اظہار ایڈووکیٹ جنرل آزاد کشمیر رضاعلی خان نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کی جانب سے آزاد کشمیر کی مختلف بار ایسوسی ایشنز میں اعلان شدہ چیک تقسیم کرنے کے موقع پر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے عدالتی فیصلہ جات کی روشنی میں سروس ٹربیونل میں چیئرمین اور ممبران کی میرٹ پر تعیناتیاں کر کے سروس ٹربیونل کو فعال بنایا اسی طرح پبلک سروس کمیشن جیسے آئینی ادارہ میں میرٹ پر تعیناتیوں کر کے ایک آزاد اور غیر جانبدار پبلک سروس کمیشن وجود میں آیا جس سے حکومت کی میرٹ اور گڈ گورننس کی پالیسی پر عملددرآمد شروع ہو چکا ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کے ذریعہ بھرتیاں موجود حکومت کا نہایت احسن اقدام ہے جس کیلئے وزیر اعظم ، وزیر تعلیم اور پوری کابینہ مبارکباد کی مستحق ہے ۔ ایڈووکیٹ جنرل رضا علی خان نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر وکلاء کی فلاح وبہبود اور بار ایسوسی ایشنز کی اپ گریڈیشن کیلئے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں وکلاء قانون اور انصاف کے نظام کا سب سے اہم ستون ہیں جن کے مسائل کے حل کیلئے حکومت مثبت اور عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر