مرکزی کردار عمران نور قائمقام ایم ڈی، چیف فنانشل آفیسر کے عہدوں سے فارغ

مرکزی کردار عمران نور قائمقام ایم ڈی، چیف فنانشل آفیسر کے عہدوں سے فارغ

  

ملتان ( سپیشل رپورٹر) ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے خزانے پر جھاڑو پھیر نے کے مرکزی کردار عمران نور کو قائمقام ایم ڈی اور چیف فنانشل آفسیر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ، ڈپٹی کمشنر ملتان نے بورڈ آف ڈائریکٹرز پر دباؤ ڈال کر کمپنی کے انتہائی جونیئر افسروں کو ایم ڈی اور چیف فنانشل آفسیر کے عہدے تفویض کرادیئے کمپنی معاملات مزید خراب ہونے کا خدشہ پید اہوگیا ۔ تفصیل کے مطابق ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کرپشن کے الزامات پر عمران نورکوقائمقام ایم ڈی اور چیف فنانشل آفسیر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے بنائی گئی انکوائری ٹیم معاملے کی تحقیقات کرے گی ۔ ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بوررڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین ومیئرملتان نوید ارائیں کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں قائمقام ایم ڈی و چیف فنانشل آفسیر عمران نورپرکرپشن کے الزامات، آڈٹ اعتراضات، مالی بے ضابطگیوں کے معاملات زیربحث آئے، اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کی مشاورت سے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے قائمقام ایم ڈی عمران نورکومعطل کرتے ہوئے کمپنی کے انتہائی جونیئر آفیسر ڈپٹی منیجرانوار الحق کوایم ڈی کا اضافی چارج دیدیا ہے جبکہ اسسٹنٹ اکاؤ نٹس آفیسرو انچارج شکایت سیل کرن خان کوچیف فنانشنل آفیسر کے عہدے کا اضافی چارج دیا گیا۔حالانکہ کے مذکورہ جونیئر افسران ان عہدوں کی اہلیت نہیں رکھتے ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک ڈپٹی کمشنر نادر چھٹہ نے میونسپل آفیسر انفراسٹکچر یار محمد کا نام ڈراپ کرتے ہوئے بورڈ آف ڈائریکٹرز پر دباؤ ڈال کر مذکورہ جونیئر افسران کو اہم عہدوں کا چارج دلوایاہے ۔بورڈ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عمران نور عہدہ چھوڑ کر اپنے اوپر عائد الزامات کا دفاع کریں ۔ ایجنڈے میں شامل سابق چیئر مین رانا اعجاز احمد نون کی جانب سے ریکارڈ ٹمپرنگ کی پاداش میں عمران نور اور اس کی ٹیم کے خلاف فوجدار ی مقدمات درج کرانے کی درخواست اور شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال کے اہم امور کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ جبکہ بورڈ کے سابقہ 29ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی نہیں کی گئی ۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین نوید ارائیں کا کہنا ہے کہ معاملے کی شفاف انکوائری کیلئے ایم ڈی عمران نورکوعہدے سے ہٹایا گیا ہے، کرپشن کے الزامات، آڈٹ اعتراضات اوردیگرمعاملوں کی تفتیش سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے بنائی گئی انکوائری ٹیم کرے گی۔

مزید :

ملتان صفحہ اول -