ستاروں کی روشنی میں 2019ء کیسا رہے گا؟
فلکیاتی نظام دن بدن وسیع طرح ہوتا جارہا ہے انسان ایک بچہ کی مانند ہے جو سمندر کنارے سیپوں سے کھیل رہا ہے ہر دفعہ ایک نئی ایجاد کر کے سینہ تاننے کی کوشش کرتا ہے لیکن جب اس کو ادراک ہوتا ہے کہ یہ ایجاد تو ان سیپوں میں سے تو ایک سیپ ہے جب کہ اصل سمندر علم تو سامنے موجود ہے جس میں کئی انمول گوہرے نایاب پوشیدہ ہیں فلکیاتی نظام میں بھی لاکھوں گوہر نایاب موجود ہے جن کی تلاش اور تشریح ابھی حضرت انسان کے بس سے باہر ہے۔ بہرحال سال 2019ء کے قارئین کے لئے فلکیاتی نظام کیا گوہر پیغام لے کر آیا ہے اس کی تشریح کچھ اس طرح ہے۔
برج حمل
اس سال (2019 ء )میں آپ کی شخصی خوبیاں (حیثیت و شخصیت، عزت و وقار، خود اعتمادی، مثبت مشاورت) مزید نمایاں ہوں گی (ان شاء اللہ) سال کی ابتدا سے ہی کارہائے نمایاں انجام دینے کی آرزو ابھرے گی اور آپ ان کو بآسانی انجام بھی دے سکیں گے۔ اس سے اپنے اور غیر سبھی متاثر ہوں گے اور آپ کو عزت اور توقیر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ لوگ آپ کی آواز پر لبیک کہیں گے احتیاطً ضروری ہے کہ غیر اخلاقی کاموں میں حصہ نہ لیا جائے اور دوستوں اور اعزاء پر اندھا دھند بھروسہ کرنا درست نہ ہو گا۔
آپ کی شخصیت سے متاثرین شادی کی آفر بھی کر سکتے ہیں اور اس امر میں آپ کی وکالت بھی کر سکتے ہیں۔
وہ لڑکے اور لڑکیاں جو موجودہ ازدواجی تعلقات سے مطمئن نہیں وہ اگر عقد ثانی کی خواہش رکھتے ہیں تو قدرے انتظار کے بعد نیا رشتہ ممکن ہو سکے گا۔ منگنی نکام اور شادی کے علاوہ دوسرے افراد اور اعزاء کے ساتھ مشترکہ مفادات میں بھی آپ کی کوشش رنگ لائے گی اور آپ کے لئے مناسب نتائج برآمد ہوں گے۔
اس سال (2019 ء) میں مالی امور پہلے تین ماہ میں کمزور رہنے کا امکان ہے خاطر خواہ نتائج حاصل نہ ہو سکیں۔ ان کے بعد مالی حالات میں قدرے بہتری آئے گی اور گزشتہ ایام کی کمی بھی ان شاء اللہ پوری ہو جائے گی اور مزید ترقی کی جانب بڑھیں گے نیا شعبہ (کارو بار) اختیار کرنے سے پہلے اس میدان کے ماہرین سے مشاورت ضرور کریں۔ خواتین پر مال نچھاور کرنے سے گریز کریں خاطر خواہ فائدہ ممکن نہیں۔ البتہ مالیات کا گراف بلند ہونے پر صدقات خیرات کا سلسلہ جاری رکھیں۔ کیونکہ صدقہ بلا کو رد کرتا ہے۔
6 جنوری کو لگنے والے سورج گرہن: کے حوالے سے اپنے کاروبار، صحت، عزت کے بارے میں محتاط رویہ اختیار کیجئے گا۔
21 جنوری کو لگنے والے چاند گرہن: کے تحت آپ کے جذباتی اور عشق و محبت کے معاملات متاثر ہو سکتے ہیں صاحبان اولاد کو بچوں کے مختلف مسائل آڑے آسکتے ہیں۔
3 جولائی کو سورج گرہن: ہو گا جس کے نتیجے میں خدانخواستہ ٹریفک حادثات، خاندانی مسائل اور بزرگوں کی جدائی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
17 جولائی کے چاند گرہن: کے نتیجہ میں تجارتی، کاروباری، عزت و ساکھ کو دھچکا لگ سکتا ہے۔
26 دسمبر کو سورج گرہن: کو حاسدین اور مخالفین کی مخالفت میں اضافہ ہو سکتا جس کے اثرات سامنے آسکتے ہیں سیاسی میدان کے شاہسوار خصوصی احتیاط کریں۔
دوران گرہن واجب نمازوں کے ساتھ ساتھ نماز آیات بھی پڑھی جائے عبادات، صدقات کا اہتمام کیا جائے اور توبہ آپ کو اپنے خالق سے قریب کر سکتی ہیں خدا آپ کو ہر بلا سے محفوظ رکھیں آمین۔
برجِ ثور
اس سال (2019 ء) میں آپ کی شخصیت خوبصورتی، کشش جذبات اور محبت و الفت کے جملہ لوازمات کا عکس پیش کرے گی ہر لڑائی جھگڑے کا انجام صلح پر ہو گا۔ لہٰذا اس کو مفید عام بنانے کے لئے صبر و تحمل اور بردباری کو اپنانا ہو گا زندگی اپنے عروج کی جانب رواں دواں رہے گی اپنے اہم امور میں مخلص دوستوں اور ساتھیوں سے مشاورت جاری رکھیں۔ ذاتی فیصلوں سے قدرے گریز کریں کام کے وقت کام اور آرام کے وقت آرام کو اپنائیں ان شاء اللہ کامیابیاں آپ کے دامن میں سمیٹ آئیں گی۔
اس سال (2019 ء) میں آپ اپنی شریک کار یا شریکِ حیات کی صحت کے بارے میں فکر مند اور پریشان ہو سکتے ہیں۔ اس حوالے سے دعاؤں کا دروازہ کھلا رکھیں خود بھی دل کی گہرائیوں سے دعا کریں اور بزرگ ہستیوں سے بھی اس کی گزارش کریں۔ اور ان کا تعاون حاصل کریں۔ جملہ اُمور میں درگزر کر کے صلح و صفائی کی جانب چلیں رشتہ داروں کے ساتھ باہمی تعلقات بہتر بنانے کی خاطر اور نیکی کا ہر ممکنہ کام انجام دینے کی خاطر کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں۔ عبادت میں تسلسل پیدا کریں۔ صدقات دینے اور صدقہ جاریہ کے کاموں میں حصہ لینے کا کوئی موقع بھی ہاتھ سے نہ جانے دیں۔ آپ کی دعا سے متعلقین اور ان کی دعا سے آپ کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
دوسری شادی بھی ممکن ہے مگر دونوں اطراف کی جملہ شرائط کو ایک دوسرے کے سامنے لانا ہو گا۔
سیاسی، سماجی اور خاندانی تقریبات میں شرکت ضرور کریں گو اس سے مالیات خرچ ہوں گے مگر عزت اور ساکھ میں اضافہ ہو گا۔ مالی معاملات میں مخلص اور ہم خیالی دوستوں کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے پچھلے سال (2018 ء) میں کاروبار زندگی میں جو بہتری آئی ہے وہ اس سال (2019 ء) میں بھی جاری و ساری رہے گی ان شاء اللہ کامیابی کے حصول کے لئے اپنی فطرتی جلد بازی سے گریز کریں۔ مستقل مزاجی اپنائیں۔ کامیابی آپ کے قدم چومے گی اور مالیات میں اضافہ ہو گا۔
6 جنوری کو لگنے والے سورج گرہن: کے حوالے سے تعلیم، بیرون ملک سفر میں خواہ مخواہ کی تاخیر یا رکاوٹ پیش آسکتی ہے۔ روحانی امور خصوصاً چلّہ کشی اور معمول کے اوراد میں رکاوٹیں حائل ہو سکتی ہیں۔
21 جنوری کو لگنے والے چاند گرہن: کے ضمن میں عرض ہے کہ اپنا میڈیکل چیک اپ باقاعدگی سے کرواتے رہیں روز مرہ استعمال کی گاڑی وغیرہ دھوکہ دے سکتی ہے۔
3 جولائی کے سورج گرہن: کے نتیجے میں اعزاء اور اقربا، رشتہ داروں اور ہمسایوں سے وابستہ توقعات میں مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا بزرگوں سے مشاورت جاری رکھیں۔ سفر کے شروع میں صدقہ ضرور دیں۔
17 جولائی چاند گرہن: کے فوراً بعد دوران سفر کچھ اشیاء اور سامان چوری ہو سکتا ہے دعا اور صدقہ کا اصول ہمیشہ اپنائیں۔
26 دسمبر کے سورج گرہن: کے نتیجہ میں کچھ طلباء حصول تعلیم کے لئے بیرون ملک نہ جا سکیں گے۔ مایوس ہونے کی ضرورت نہیں دوبارہ اپلائی کرنے پر ان شاء اللہ مقاصد حل ہو جائیں گے۔ دعا اور صدقات جاری رکھیں۔
برجِ جوزا
یہ سال (2019 ء) غیر معمولی اور اہم سال ہے جو آپ کی زندگی میں ترقی کے حوالے سے بہت سی تبدیلیاں لا سکتا ہے۔ دل و دماغ میں، بے چینی، مایوسی اور سستی کو جگہ نہ دیں وسائل کے محدود ہونے کے باوجود بھی کامیابیاں ملیں گی ان شاء اللہ البتہ ہمت اور کوشش ضروری ہے۔ دوران سال آپ اپنی ذمہ داری اورفرض شناسی سے اپنے اور دوسروں کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ دوسروں کی تعلیمی اور تربیتی شعبوں میں رہنمائی کر سکیں گے دوسروں سے بحث و مباحثہ کرنے، اپنے فیصلے دوسروں پر مسلط کرنے سے گریز کیجئے گا۔ بزرگوں کی ناراضگی سے بچنے کے لئے اپنے جذباتی پن اور غم و غصہ کو قابو میں رکھیں صدقات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
یہ سال (2019 ء) خانگی، خاندانی، شراکتی، ازدواجی خوشیوں کا پیغام لائے گا نوجوانوں خواہ لڑکے ہوں یا لڑکیاں کے لئے خوشیوں کا سال ثابت ہو گا مدت سے شادی کا انتظار کرنے والے افراد کے لئے یہ سال خواہشات کی تکمیل کا سال ہو گا۔ متوقع رکاوٹیں دور ہو جائیں گی۔ ان کا رشتہ مناسب جگہ پر طے پا جائے گا۔ خفیہ طور پر بھی شادی کی کوششیں کرنے والے افراد بھی کامیاب ہو جائیں گے۔ ناراض جوڑوں کی صلح صفائی متوقع ہے۔ حالات چاہے کسی نہج پر بھی پہنچ چکے ہوں۔ مگر ذرا سی کوشش سے یہ رشتہ باقی رکھا جا سکتا ہے عدالتی دروازہ کھٹکھٹانے کی بجائے ان مسائل کا پنچائتی حل درست ثابت ہو گا بزرگوں کو درمیان میں ڈال کر اس مسئلہ کو مزید آسان بنایا جا سکتا ہے۔
دوران سال (2019 ء) کے مالی مسائل کی پلاننگ ضروری ہے جو ابتدائی ایام میں کر لی جائے تو زیادہ بہتر ہو گا وسعت رزق کے لئے اپنے خالق حقیقی سے تجارت کیجئے گا روزانہ حالات کے مطابق صدقہ و خیرات کو زندگی کا حصہ بنا لیں۔ آپ کا یہ عمل آپ کے ذرائع آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ کا موجب بنیں گے۔
شراکتی کاروبار میں برکت ہو گی۔ کسی بھی بااعتماد ساتھی سے مل کر کاروبار کرنے سے یا مشترکہ مفادات کے کاموں میں حصہ لینے سے رزق کا ان شاء اللہ اضافہ ہو گا۔
آپ کا تعلق زندگی کے کسی شعبہ سے بھی ہو آپ اپنی محنت کے نتائج بآسانی حاصل کر سکتے ہیں نئے کاروبار کے آغاز، کاروبار میں تبدیلی یا مزید سرمایہ کاری کرنے کے لئے یہ سال بہتر ہے ملازمت پیشہ لوگ بھی اس سال خود کو پہلے سے بہتر محسوس کریں گے۔ سیاسی لوگ بھی تھوڑی سی محنت کر کے اپنے مستقبل کو شاندار بنا سکتے ہیں۔
اس سال (2019 ء) میں پانچ گرہن ہونگے۔
6 جنوری کو سورج گرہن اور 17 جولائی کو چاند گرہن ہو گا اور 26 دسمبر کو پھر سورج گرہن۔ یہ تینوں گرہن مشترکہ مفادات کے کاموں کو متاثر کر سکتے ہیں حصول وراثت کے کام تعطل کو شکار ہو سکتے ہیں اس ضمن میں احتیاط کے ساتھ ساتھ نماز آیات ضرور پڑھئے (واجب کے ساتھ) صدقہ اور خیرات کثرت سے دیجئے۔ 21 جنوری چاند گرہن کے نتیجہ میں عزیز و اقارب بھائی بہن کی جانب سے خدانخواستہ صدمات یا گلے شکوے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
3 جولائی سورج گرہن کے حوالے سے کاروبار نقصان کا اندیشہ ہے دعا اور صدقہ کا اہتمام کر کے ان نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔ خدا آپ کا حامی و ناصر ہو۔
برجِ سرطان
(2019 ء) آپ کے لئے ایک اہم سال ہے۔ تعمیر و ترقی کے مواقع حاصل ہوں گے البتہ اپنے اندر بے چینی، اداسی اور مایوسی کو داخل نہ ہونے دیں تھوڑی سی محنت کر کے محدود وسائل کے ساتھ بھی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ لوگوں پر آپ کی نصیحت کے مثبت اثرات ہوں گے۔ ذہنی وبائی (ڈپریشن) افراد کے ناپسندیدہ رویہ مخالفین اور حاسدین کی سازشوں کی اہمیت نہ دیں۔ البتہ مخلص دوستوں، بزرگوں اور روحانی ہستیوں کے مشاورت جاری رکھیں۔ احکام خداوندی کی طرف توجہ ان شاء اللہ سبھی سازشوں کو ناکام بنا دے گی واجبات کے ساتھ ساتھ کسی بھی اسمِ اعظم اور درود پاک کو کثرت سے پڑھنا اپنا معمول بنا لیں خود کامیابی آپ کو تلاش کرتی پھریں گی۔
بہن بھائیوں کے ساتھ تعلقات میں خوشگواری اور بہتری آئے گی۔ ہمسایوں سے بھی تجدید مراسم ہو گی۔ ٹوٹے ہوئے تعلقات پھر جُڑ جائیں گے اور موجودہ مراسم میں مزید بہتری آئے گی۔ مزید تعلقات کو وقت کے دھارے کے سپرد نہ کریں بلکہ انہیں اپنے تعلقات کا احساس دلائیں۔ جذبات کی نزاکت کا خیال رکھیں۔ مخلص بزرگان سے مشاورت جاری رکھیں اسی کی روشنی میں باہمی تعلقات کو آگے بڑھائیں۔
غیر شادی شدہ لڑکوں اور لڑکیوں اور بڑی عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں کی شادی میں آڑے آنے والی رکاوٹیں کوشش سے دور ہو سکتی ہیں۔ غیر برادری میں رشتہ طے میں جلدی نہ کریں نئی شادیوں میں بگاڑ اور پرانی شادیوں میں شکوک و شبہات کو مٹانے کی کوشش آپ کے ہاتھوں کامیاب ہو سکتی ہے اور صلح ہو سکتی ہے کوشش جاری رکھیں پسند کی شادی میں رکاوٹیں پیش آسکتی ہیں۔ خفیہ شادی سے بھی گریز کریں اس ضمن میں بزرگوں کی مشاورت بہتر رہے گی ملاپ کی صورت نکل آئے گی۔
اس سال (2019 ء) ذرائع آمدنی میں اضافہ ہو گا پلاننگ سے کئے گئے کام اور سرمایہ کاری آمدنی میں اضافہ کا باعث بنیں گے۔ مشترکہ کام کرنے والے ماتحت عملہ کی محنت بھی آمدنی کو بڑھائے گی وسائل اور کوشش مالی پوزیشن کو مضبوط کرے گی جلدبازی میں نقصان یا دھوکہ دہی کا اندیشہ ہے غیر قانونی مالی فوائد سے اجتناب کریں ورنہ سوائی اور پریشانی کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔ نئے کاروبار کا آغاز بھی کیا جا سکتا ہے مگر اس کے مشاورت اور پلاننگ ٹھوس بنیادوں پر استوار ہو۔
خیرات اور صدقات حسب معمول جاری رہنا چاہئیں۔
اس سال (2019 ء) سورج اور چاند کے مندرجہ ذیل پانچ گرہن ہونگے۔
(1) 6 جنوری جزدی سورج گرہن: عزیز و اقرباء سے تعلقات خراب ہو سکتے ہیں پہلے سے ہی اصلاح کی پلاننگ کر لی جائے۔
(2) 21 جنوری مکمل چاند گرہن: خاندانی صدمات اور ناگہانی مالی اخراجات عارضی طور پر پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں۔
(3) 3 جولائی جزدی سورج گرہن: آپ کی شخصیت ، حیثیت اور صحت جسمانی متاثر ہو سکتی ہے۔
(4) 17 جولائی مکمل چاند گرہن: آپ کا جیون ساتھی روٹھ کر الگ ہو سکتا ہے۔
(5) 26 دسمبر جزدی سورج گرہن: زندگی چند روزہ ہے ازدواجی خوشیوں کو قائم رکھیں چاہے کسی قسم کی قربانی بھی دینا پڑے۔
برجِ اسد
اس سال (2019 ء) زندگی عظیم سعادتیں حاصل ہوں گی۔ زندگی رنگین بن جائے گی۔ محبت، انعامات، اولاد کی خوشیاں حاصل ہوں گی۔ دوست و احباب متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں گے روحانیت کی طرف دلچسپی بڑھے گی۔ منصوبوں میں خاطر خواہ کامیابیوں کی بنا پر عزت، سُکھ چین ، حیثیت اور شخصیت میں اضافہ ہو گا اس دورانیہ آپ مستقبل کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں جو ان شاء اللہ کامیاب رہے گی سال آخری ربع (Quarter) قدرے احتیاط سے کام لیں۔ صدقہ سے بلائیں رد ہوتی ہیں۔ اس لئے وقفہ وقفہ سے صدقات و خیرات دیتے رہیں۔
واجبات کی ادائیگی، نفلی عبادات، صدقات و خیرات کو معمول بنائیں۔ درود کثرت سے پڑھیں ان شاء اللہ خالقِ حقیقی کا کرم ہو گا۔
بہن بھائیوں، رشتہ داروں اور ہمسایوں میں تعلقات استوار اور مضبوط ہو جائیں گے ان شاء اللہ گلے شکوے دور ہو کر رہیں گے اور تجدید محبت اور تجدید مراسم ہو جائے گی اعزا ء سے تعلقات میں ایک حدِ ۔۔۔ قائم رکھیں۔ کبھی کبھی آپ کی مثبت باتوں کو بھی غلط رنگ دیا جا سکتا ہے۔ خاوند بیوی آپس میں جذبہ ایثار و قربانی بڑھائیں۔ غیروں سے بھی اس اصول کو اپنایا جا سکتا ہے۔ میاں بیوی اپنے رویوں پر نظر ثانی کریں کہیں آپ کے رویے سے آپ کا جیون ساتھی ناراض نہ ہو جائے۔ اگر آپ باہم رویوں کو مثبت رکھیں گے اور معاف کرنے کی پالیسی اپنائیں گے تو ماضی کی سبھی خوشیاں لوٹ آئیں گی ان شاء اللہ اور زندگی کا چمن پھولوں کے رنگوں اور خوشیوں سے بھر جائے گا۔ منگنی، نکاح اور شادی کے لئے ہمیشہ مثبت رویوں کو اپنائیے گا۔ چھوٹی چھوٹی باتوں کو وجہ تنازع بنا کر صدیوں پرانے رشتوں کو کمزور مت بناؤ بلکہ یاد رکھو وَالصّلحْ خیر باہم مل بیٹھنے میں ہی خیر ہے۔
اس سال (2019 ء) مالی بنیادوں پر جو پلاننگ کریں گے اس میں ان شاء اللہ خاطر خواہ کامیابی ملے گی آمدنی بڑھے گی اور فیملی اخراجات کی کفیل ہو گی۔ لین دین کے معاملات میں خصوصی احتیاط اختیار کریں تحریری ریکارڈ لازمی اپنائیں۔ روزمرہ کے حوالے سے غرباء کی مدد کریں۔ کھانا، ماہانہ امداد، بچوں کی یونیفارم اور فیسوں کی صورت میں مالی مدد کرتے رہیں یہ صدقہ کی بہترین قسم ہے۔ اس سال آپ کی کاروباری زندگی میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔ جاری کاروبار میں مزید سرمایہ لگائیں۔ اور نیا کاروبار بھی شروع کر سکتے ہیں۔ آپ کے اندرون اور بیرون ملک کے کاروبار میں اضافہ ہو گا عزت اور ساکھ بھی بڑھے گی مشترکہ فیملی کاروبار کو بھی آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ حسب توفیق خیرات اور صدقات کا سلسلہ جاری رکھئے۔
اس سال (2019 ء) سورج اور چاند کے مندرجہ ذیل پانچ گرہن ہونگے۔
(1) 6 جنوری جزدی سورج گرہن: خرابی صحت یا حادثات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ نوکری کے بارے میں محتاط رہیں افسران کے ساتھ جھگڑنے سے پرہیز کریں۔
(2) 21 جنوری مکمل چاند گرہن: خرابی صحت، ذہنی دباؤ کا اندیشہ ہے۔ لوگوں سے رویہ مثبت رکھیں۔
(3) 3 جولائی جزدی سورج گرہن: دشمن سامنے ظاہر ہو جائیں گے۔ بڑھتے ہوئے اخراجات پر قابو پایا جا سکے گا۔
(4) 17 جولائی مکمل چاند گرہن: روزگار کی فکر و پریشانی صحت کو متاثر کر سکتی ہے۔
(5) 26 دسمبر جزدی سورج گرہن: کے نتیجے میں ملازمت کے لئے کچھ پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
برجِ سنبلہ
اس سال (2019 ء) آپ کی عزت و تکریم میں اضافہ ہو گا حیثیت شخصیت نکھر کر سامنے آئے گی جن امور میں دلچسپی ہے ان میں غیر معمولی کامیابی حاصل ہو گی۔
آپ کے خیالات اور نظریات معاشرہ میں عزت کی نگاہ سے دیکھے جائیں گے البتہ آپ کی بڑھتی ہوئی کامیابیوں کو دیکھ کر کچھ مخالفین اور حاسدین اپنے بُرے ارادوں کے تحت سازشیں بھی کر سکتے ہیں اس لئے شخصیات اور ان کے نظریات کا پہلے تجزیہ کرنا ہو گا پھر اظہار پسند و ناپسند۔ اس لئے جذباتی فیصلوں سے گریز کریں۔
حسب توفیق صدقہ، خیرات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ اس میں مقدار کی قید نہیں نیت کی پاکیزگی درکار ہے۔
اس سال آپ کی پوزیشن آپ کے بھائی بہنوں اور عزیز و اقرباء میں نمایاں رہے گی ناراض رشتہ داروں میں محبت اور ایثار کے جذبات نمایاں کر کے صلح کروا سکتے ہیں کوشش کیجئے گا۔ خیرات و صدقات کا سلسلہ جاری رکھئے گا آپ کو رشتہ داروں میں ایک ممتاز پوزیشن حاصل ہو گی۔ اس سے فائدہ اٹھا کر صدقہ جاری کے بہت سے کام سر انجام دے سکتے ہیں۔
عمر کے عنوان سے شادی پر جملہ ازدواجی خوشیاں ملیں گی۔ ناراض میاں بیوی میں صلح صفائی کی بے حد گنجائش ہے۔ مقدمات چاہے کسی نہج پر بھی ہوں کسی عدالت یا پنجائت میں بھی ہوں نیت نیک ہوئی تو صلح صفائی یقینی ہے اس سال جن سنبلی جوڑوں کی شادی ہو گی (یعنی دونوں سنبلہ کے برج سے متعلق ہوں) انہیں اپنے شریک حیات کے نصیب سے معاشرتی عزت اور دولت ملے گی اور بیرونی ملک کا سفر بھی نصیب ہو گا۔ دنیاوی خدمت کے کاموں میں حصہ لینے سے سیاسی اور سماجی خدمات سے عزت اور توقیر بڑھے گی کسی پر اندھا دھند اعتماد اور بھروسہ کرنے سے نقصان بھی ممکن ہے۔
یہ سال (2019 ء) آپ کے لئے برکت کا سال ہے آپ اپنے ذرائع آمدنی کو بڑھانے کے لئے جتنی محنت کریں گے آپ کو اس کا دوگنا چوگنا صلہ ملے گا۔ وہ افراد جو پہلے عدم تعاون کا مظاہرہ کرتے تھے اب وہ خوشی خوشی تعاون کریں گے۔ البتہ آپ کا رویہ بھی مثبت ہونا چاہیے آمدنی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اخراجات بھی پہلے کی نسبت زیادہ ہوں گے مالی اور مادی خوشیاں آپ کا مقدر بنیں گی ٹھوس سرمایہ کاری کی طرف توجہ دیں۔ جلد بازی میں سرمایہ کاری اور بغیر سوچے سمجھے ہر کسی پر بھروسہ کرنا نقصان کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
مالی اسکیموں (انشورنش، نیشنل سیونگ اور انعامی بانڈ وغیرہ) میں سرمایہ کاری مفید رہے گی کاروبار میں آسانی سے وسعت پیدا کی جا سکتی ہے اور ان شاء اللہ کاروبار میں مزید وسعت ہو گی۔ اندرون اور بیرون ملک کاروبار میں آسانیاں ملیں گی۔ ابانی وعدہ وعید کو تحریری شکل میں محفوظ کریں۔ تاکہ غلطی کے کم سے کم امکانات ہوں۔
اس سال (2019 ء) سورج اور چاند کے مندرجہ ذیل پانچ گرہن ہونگے۔
(1) 6 جنوری جزدی سورج گرہن: صاحبان اولاد بچوں کی صحت اور تعلیم و تربیت کا خیال رکھیں۔ محبت میں دھوکہ ہو سکتا ہے۔
(2) 21 جنوری مکمل چاند گرہن: امیگریشن میں رکاوٹ پیش آسکتی ہے۔ خفیہ دشمن آشکار اور پھر ذلیل خوار ہوں گے۔
(3) 3 جولائی جزدی سورج گرہن: دوستوں سے بندھی امیدیں پوری نہیں ہوں گی۔ دوستوں کی بے وفائی کا صدمہ برداشت کرنا پڑے گا۔
(4) 17 جولائی مکمل چاند گرہن: تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔ بچوں کی نگہداشت اور تعلیم و تربیت میں پریشانی کا سامنا ہو گا۔
(5) 26 دسمبر جزدی سورج گرہن: جنس مخالف کے ہاتھوں بے وقوف بننے سے بچیں۔ جذباتی غلطیاں ہو سکتی ہیں۔ بچوں کی تعلیم و تربیت کا خاص خیال رکھیں۔
برجِ میزان
الحمدللہ پورا سال (2019 ء) خوش بختی سے ہم کنار رہے گا۔ اس سے اپنے اور غیر اثرات قبول کریں گے ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا اور مستقبل کی پلاننگ آسان ہو گی۔ نصف سال گزرنے کے بعد کچھ آزمائش کے ایام بھی آسکتے ہیں۔ نہایت احتیاط کی ضرورت ہو گی مناسب افراد کے ساتھ مشاورت اچھے نتائج دے گی ہر شخص سے توقعات پوری نہ ہو سکیں گی۔ اس لئے ان کا دائرہ محدود رکھا جائے۔ مخالفین اور حاسدین کی سازشوں کا سامنا ہو گا۔ دعا ہے کہ خدائے تعالیٰ اپنے حبیب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے میں آپ کو ہر شر اور نظر بد سے محفوظ رکھے۔ دعا اور صدقات کا سلسلہ جاری و ساری رہنا چاہیے۔
اس سال آپ کے بہن بھائی، رشتہ دار اور ہمسائے بہت سے امور میں آپ سے تعاون کریں گے غلط فہمیوں کا خاتمہ بھی ہو سکے گا اور تجدید محبت کے دروازے بھی کھلیں گے۔ دوسروں کی فرمائشوں کے لئے ذاتی ضروریات پر سمجھوتہ کرنا پڑے گا ذہنی طور پر اس کے لئے تیار رہیے گا ورنہ ان کی ناراضگی مول لینا پڑے گی اس لئے خوب ہوش و حواس استعمال کرنا ہوں گے۔
اس دورانیہ میں شریک حیات سے تعلقات میں درپیش غلط فہمیوں کا ازالہ ہو گا اور تعلقات میں استواری آئے گی شریک حیات کے ساتھ نرم لہجہ اختیار کریں اور صبر و تحمل سے کام لیں۔ ورنہ شدید گھریلو اختلاف جنم لے سکتے ہیں میزان سے تعلق رکھنے والے افراد کی شادیاں اس سال میں ممکن ہیں ذرا سی کوشش درکار ہو گی۔
نیز شریک حیات سے ذو معنی جملوں کا استعمال نہ کریں بحث کی بجائے درگزر سے کام لیں۔
اس سال (2019 ء) میں کاروبار کو بڑھانے کے بہت سے مواقع ہاتھ آئیں گے۔ پہلے سے موجود مالی مشکلات احسن طریقے سے حل ہو جائیں گی۔ مخالفین اور حاسدین پر گہری نظر رکھیں۔ اس حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہمیشہ یاد رکھیں کہ:
’’مومن کو ایک سوراخ سے دو دفعہ نہیں ڈسا جا سکتا۔‘‘
اس لئے اس نکتہ پر خاص توجہ دیں۔ خیرات صدقات حسب معمول دیتے رہیں۔
اس سال (2019 ء) سورج اور چاند کے مندرجہ ذیل پانچ گرہن ہونگے۔
(1) 6 جنوری جزدی سورج گرہن: خاندانی مسائل اور پریشانیوں کا سامنا کرنا ہو گا۔ جلد بازی میں حادثات کا اندیشہ ہے۔
(2) 21 جنوری مکمل چاند گرہن: دوسروں کے ساتھ وابستہ توقعات پوری نہ ہو سکیں گی۔
(3) 3 جولائی جزدی سورج گرہن: کاروباری مسائل، پریشانی اور نقصانات کا اندیشہ ہے۔
(4) 17 جولائی مکمل چاند گرہن: اندرون خانہ پریشانیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
(5) 26 دسمبر جزدی سورج گرہن: والدین کی طرف پوری توجہ دیں خاص کر والدہ کی صحت کا مکمل خیال رکھیں۔
برجِ عقرب
یہ سال (2019 ء) آپ کے لئے نہایت ذمہ داری کا سال ہے ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھانا ہو گا تاہم سبھی فیصلے جلد بازی میں نہ کریں۔ بلکہ پہلے مشاورت اور پھر فیصلہ۔
مستقبل کی منصوبہ بندی ازحد ضروری ہے۔ اس کی عدم موجودگی کی وجہ سے وقت، سرمایہ اور شہرت کا نقصان ہو گا۔ لوگوں کی توقعات مجروح ہو سکتی ہیں۔ اور آپ کا حوصلہ کم ہو سکتا ہے جاری کاموں کی طرف مکمل توجہ آپ کو نئی امنگیں عطا کرے گی۔ جسے آپ بھی اپنے اندر محسوس کریں گے ان شاء اللہ۔ کسی پر بھی جذباتی طور پر بھروسہ کرنے کی ضرورت نہیں وہ خدانخواستہ ٹھیس بھی پہنچا سکتے ہیں اللہ تعالیٰ آپ کا حامی و ناصر ہو۔ آمین
اس سال (2019 ء) عزیز و اقارب کے ساتھ جذباتی نوعیت کے تعلقات استوار ہو سکتے ہیں اس عنوان سے نہایت اہم اور سنجیدہ قسم کے راز دنیا ء بھی سامنے آسکتے ہیں۔
حاسدین اس تعلقات کو غلط رنگ بھی دے سکتے ہیں۔ وہ ان پاکیزہ توقعات کو جنسی رنگ بھی دے سکتے ہیں ویسے بھی اس برج کی جنسی کشش مشہور عام ہے۔ عقربی افراد کو متعدد پسندیدہ رشتے ملیں گے آپ کی پسند ایک الگ نکتہ ہے مگر انتخاب رشتہ کے لئے بزرگوں خصوصاً والدین کو ہی چناؤ کا موقع دیں۔ ناراض میاں بیوی کے درمیان بزرگوں کی کوششوں سے صلح صفائی کی شکل پیدا ہو سکتی ہے۔
اس سال (2019 ء) کاروباری وسائل اور تعلقات میں اضافہ جاری کاروبار میں وسعت آئے گی کسی نئے کاروبار کو شروع کرنا ہی مفید ہو گا۔ ذرائع آمدن میں اضافہ ہو گا غیر متوقع آمدن بڑھانے کے مواقع بھی ملیں گے۔ آپ اپنے سرمائے کو کسی مفید شعبہ میں صرف کر کے آسانی سے نفع حاصل کر سکیں گے آپ کے پیشہ ورانہ شعور اور ادراک میں اضافہ ہو گا۔
اس سال (2019 ء) میں سورج اور چاند کے مندرجہ ذیل پانچ گرہن ہوں گے۔
(1) 6 جنوری جزدی سورج گرہن: بھائی بہنوں اور عزیز اقرباء کی جانب سے ذمہ داریوں اور فرمائشوں کا مطالبہ ممکن ہے۔ جسے پورا نہ کرنے کی صورت میں آپ کو ان کی ناراضگیوں کا سامنا کرنا ہو گا۔
(2) 21 جنوری مکمل چاند گرہن: حاسدین اور مخالفین آپ کی بڑھتی ہوئی عزت کو گھٹانے کی پوری کوشش کریں گے۔
(3) 3 جولائی جزدی سورج گرہن: بیرون ملک سفر میں کوئی رکاوٹ آسکتی ہے یا کوئی قانونی پریشانی جنم لے سکتی ہے۔
(4) 17 جولائی مکمل چاند گرہن: اندرون ملک سفر میں رکاوٹیں آسکتی ہیں بہن بھائیوں عزیز و اقارب اور ہمسایوں سے اختلاف کا اندیشہ ہے محتاط رہیں۔
(5) 26 دسمبر جزدی سورج گرہن: بہن بھائیوں اور عزیز و اقارب کو مزید ناراض نہ کریں۔
برجِ قوس
یہ سال (2019 ء) آپ کے لئے بھاری خوشیاں لئے ہوئے ہے۔ اس سال آپ اپنی ذات کو پیچھے چھوڑ کر معاشرتی اقدار کی سربلندی کے لئے مزید کام کریں گے اور معاشرہ کے افراد کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ آپ کو ادب و احترام کے رویہ کے باعث دوستوں اور بزرگوں کی دعائیں بھی ملیں گی۔ خاص کر رشتہ دار و دیگر بزرگ خواتین کی دعا اپنا اثر دکھائیں گی عزت و شہرت سے سبھی متعلقین متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں گے۔ جاری کاموں کی تکمیل بھی آپ کے ارادوں کے مطابق ہو سکے گی گزارش ہے کہ اپنے مخالفین اور حاسدین سے محتاط رہیں۔ جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہ کریں اور دوسروں پر تنقید و تبصرہ سے گریز کریں۔
اس سال (2019 ء) میں بھی عزیز و اقارب، بہن بھائیوں اور ہمسایوں کی جانب سے نت نئی فرمائشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اگر آپ ان کی بات نہیں مانیں گے یا ماننے میں تاخیر کریں گے تو کم طرف رشتہ داروں کی جانب سے ناراضگی اور لامتناہی سازشوں کا سلسلہ پورا سال آپ کا پیچھا کرے گا اور وقفہ وقفہ سے الجھن کا باعث بنے گا کیونکہ:
’’اپنوں کا اپنا بنانا نہایت مشکل کام ہے۔‘‘
جبکہ غیروں کو اپنا بنانا آسان ہے اگرچہ مخالفین اور حاسدین آپ کا کچھ بگاڑ تو نہ سکیں گے مگر وقفہ وقفہ سے پریشان کرتے رہیں گے اس مرحلہ سے ذہانت سے گزرنا ہو گا آپ صبر و تحمل، بردباری اور خوبصورت الفاظ استعمال کر کے بھی حالات کو اپنے موافق بنا سکتے ہیں ناراض خاوند بیوی کے درمیان صلح صفائی اور شادی ہونے میں بڑی سے بڑی رکاوٹ بندش جادو ٹونہ نظر بد اور دیگر نحوستیں دور ہو جائیں گی۔ نوجوانوں کی شادی کو تدبیر کے ساتھ ساتھ دعا اور مشاورت کے تابع بنائیں۔ ان شاء اللہ مراد برآئے گی۔ غیر متوقع خوشیاں نصیب ہوں گی دوسروں کو اپنی تنہائی میں داخلہ کا موقع نہ دیں صدقہ اور خیرات پابندی سے دیتے رہیں۔
اس سال (2019 ء) خدانخواستہ کچھ خاندانی اور مالی صدمات پیش آسکتے ہیں۔ کسی عظیم نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ساری زندگی کی جمع پونجی کسی دھوکہ یا فراڈ کی نظر ہو سکتی ہے یا چوری چکاری کی نظر ہو سکتی ہے اپنے مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے حسب توفیق خیرات و صفات کا سلسلہ جاری رکھیں واجبات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ درود پاک کا زیادہ سے زیادہ ورد جاری رکھیں۔ اس عمل سے ان شاء اللہ مال کا بچاؤ بھی ہو گا اور آپ کے شعور و ادراک میں اضافہ بھی ہو گا اور مصائب سے بچاؤ بھی کچھ نئے کاروباری وسائل بھی ملیں گے۔ کوئی معاہدہ زبانی نہ کریں اس کا تحریری ہونا ضروری ہے ورنہ کچھ لوگ اپنی باتوں سے منحرف ہو کر آپ کو الٹا نقصان بھی پہنچا سکتے ہیں اس لئے اس ضمن میں بزرگوں سے مشاورت بھی کریں اور ان کو گواہ بھی بنائیں۔
اس سال(2019 ء) میں سورج اور چاند کے مندرجہ ذیل پانچ گرہن ہوں گے۔
(1) 6 جنوری جزدی سورج گرہن: مالی اور کاروباری معاملات میں محتاط رہیں خدانخواستہ خاندانی طور پر کسی صدمہ کا امکان ہے۔
(2) 21 جنوری مکمل چاند گرہن: بیرون ملک سفر میں نجی ہو یا کاروباری رکاوٹ کا امکان ہے غیر ضروری کاروباری سفر سے پرہیز کریں۔ اشد ضرورت ہو تو سفر سے پہلے صدقہ خیرات دیں۔
(3) 3 جولائی جزدی سورج گرہن: مشترکہ مفادات کے کاموں میں احتیاط برتیں حصول وراثت جیسے کاموں میں بے حد احتیاط کریں۔
(4) 17 جولائی مکمل چاند گرہن: ناگہانی مسائل اور پریشانیاں پیش آسکتی ہیں دوسروں کو دیا گیا قرض واپس نہیں مل سکے گا۔
(5) 26 دسمبر جزدی سورج گرہن: کاروباری لین دین میں سخت احتیاط کی ضرورت ہے کسی بڑے نقصان کا اندیشہ بھی بعد از قیاس نہیں۔
برجِ جدی
اس سال (2019 ء) آپ کی فنی قابلیتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ آپ کا تعلق زندگی کے کسی شعبہ سے بھی ہو، ہر کسی کو آپ کی قابلیت کا اعتراف کرنا پڑے گا بردباری، مستقل مزاجی آپ کی زندگی کا حصہ بن جائے گی۔ خود پر اعتماد کرتے ہوئے کچھ ایسے کام بھی سر انجام دیں گے کہ خود آپ کو بھی ان کا یقین نہ آئے گا۔ سال کے آخر میں کچھ ایام ایسے بھی ہوں گے کہ جلد بازی، جذباتی فیصلوں اور غیر ذمہ داری سے پرہیز کرنا ضروری ہو گا نیز جذباتی غلطیوں کے تحت غیر فیصلوں اور دوسروں کے ساتھ لڑائی جھگڑوں سے گریز کیا جائے۔ اگر خدانخواستہ کوئی ایسا لمحہ آ بھی جائے تو اس کا عدالتی کی بجائے پنچائتی حل تلاش کیا جائے۔ صدقہ خیرات کثرت سے کریں۔
سفید اشیاء (آٹا، چاول، چینی، سفید کپڑا) کا صدقہ زیادہ بہتر ہے۔
اس سال (2019 ء) آپ کو عزیز و اقارب، بہن بھائیوں اور ہمسایوں کی اضافی خدمات سے واسطہ پڑے گا وقت کے ساتھ ساتھ ان کی مالی اور اخلاقی مدد کے لئے بھی تیار رہیں اگر وسائل اجازت دیں تو ان کی مدد سے گریز نہ کریں۔ اگر وسائل نہ بھی ہوں تو ان کی دل جوئی عبادت سمجھ کر بجا لائیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کا مددگار رہے گا۔ اس دوران شراکتی اور ازدواجی خوشیاں بھی حاصل ہوں گی۔ ان کو نظر بد کا سامنا بھی ہو سکتا ہے خدانخواستہ یہ ماند بھی پڑ سکتی ہیں۔ میاں بیوی میں بدمزگی، چڑ چڑا پن خواہ مخواہ کے لڑائی جھگڑے جنم لے سکتے ہیں۔ حتیٰ کہ بات علیحدگی خلع یا طلاق تک بھی پہنچ سکتی ہے۔
دعا کا سلسلہ جاری رکھیں۔ ایک دوسرے کی بات اور افعال کو برداشت کریں۔ غلطیوں کو معاف کرنے کی صلاحیت پیدا کریں۔ ان شاء اللہ مخالفین اور حاسدین اپنے مقاصد میں ناکام ہو جائیں گے ذاتِ خداوندی سے رجوع جاری رکھیں۔ خیرات اور صدقات کو عادت بنائیں۔ خدا آپ کا حامی و ناصر ہو۔
اس سال (2019 ء) کچھ لوگ آپ کو کئی غیر محفوظ مالی پروگراموں کی جانب لے جانے کی کوشش کریں گے۔ اس سے بڑے نقصان کا خطرہ ہے لین دین میں احتیاط برتیں۔ روزمرہ اخراجات یا یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی میں غفلت کے سبب مالی نقصانات بھی ہو سکتے ہیں کاروبار میں ادھار دینے سے گریز کریں۔ خدشہ ہے کہ دی ہوئی رقم واپس نہیں ملے گی۔ صرف اتنی رقم قرض دیں کہ اگر واپس نہ ملے تو آپ نقصان برداشت کرنے کی پوزیشن میں ہوں۔ کسی ایسی چیک پر دستخط نہ کریں جس کی قانونی حیثیت مشکوک ہو۔ وہ کسی بھی مصیبت کا سبب بن سکتا ہے۔ صدقہ خیرات حالات مطابق جاری رکھیں۔ خدا آپ کا مددگار ہو۔
اس سال (2019 ء) میں سورج اور چاند کے مندرجہ ذیل پانچ گرہن ہوں گے:
(1) 6 جنوری جزدی سورج گرہن: آپ کی شخصیت، حیثیت اور صحت کے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ دوسروں کے ساتھ ساتھ اپنا بھی خیال رکھیں۔
(2) 21 جنوری مکمل چاند گرہن: شراکتی اور ازدواجی لین دین میں شکوک و شبہات سے بچیں۔
(3) 3 جولائی جزدی سورج گرہن: شریک کار یا شریک حیات پر کیا گیا بھروسہ ٹوٹ سکتا ہے۔
(4) 17 جولائی مکمل چاند گرہن: ساتھیوں کے ساتھ ہر وقت بے تکلف نہ ہوں۔
(5) 26 دسمبر جزدی سورج گرہن: کسی کی رائے کو پسند کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کی زبان کو تالا لگ جائے اپنے موقف کو بیان کر سکتے ہیں البتہ زبان نرم استعمال کریں۔
برجِ دلو
یہ سال (2019 ء) صبر وتحمل اور بردباری کا سال ہے اس لئے جوش کی بجائے ہوش سے کام لیا جائے۔ اہم کاموں میں احتیاط اختیار کی جائے۔ خوشی بختی کے مواقع آتے رہیں گے دل کے سکون کی خاطر امر بالمعروف اور نہی عن المنکر پر باقاعدگی سے عمل جاری رکھیں۔ عبادات کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ خصوصاً اسم اعظم اور درود پاک کا عمل جاری رکھیں صدقہ و خیرات باقاعدگی سے دیتے رہیں ان شاء اللہ ایمان و سکون ملے گا۔ کم خرچی اور بزرگوں سے مشاورت اور ان کی دعا آپ کے لئے راحت اور چین مہیا کریں گے۔
اس سال (2019 ء) میں آپ کی ہمت اور حوصلہ میں اضافہ ہو گا مشکلات کے باوجود اپنے عزیز و اقارب بہن بھائیوں اور ہمسایوں کی خدمات میں اضافہ ہو گا آپ کے ہاتھوں صدقہ و جاریہ کے بہت سے کام غیر محسوس طریقہ سے انجام پذیر ہوں گے۔ اپنے مخالفین اور حاسدین کی سازشوں کا شکار ہونے سے قبل ان پر کڑی نظر رکھیں خیرات و صدقات کا عمل جاری رہنا چاہیے۔ ازدواجی تعلقات نہایت احتیاط طلب نظر آتے ہیں۔ حاسدین کو آپ کے ازدواجی مثبت تعلقات کھٹکیں گے۔ وہ آپ کے خوشگوار تعلقات میں زہر گھولنے کے لئے جادو ٹونہ، نظر بد جیسی سازشیں کر سکتے ہیں میاں بیوی میں صلح صفائی کے ضمن میں عرض ہے کہ دعا، بزرگوں سے مشاورت اور خیرات اور صدقات کا عمل جاری رہنا چاہیے۔ ایک دوسرے کے ساتھ اچھی گفتگو، تحائف خصوصاً پھولوں کا تبادلہ کریں۔ زندگی ان شاء اللہ پھولوں کی طرح مہک جائے گی۔
اس سال (2019 ء) کچھ غلط کاروباری مالی لین دین کے معاہدے ہو سکتے ہیں جن کی پاسداری آپ کے لئے ناممکن ہو گی مالی معاملات میں پھونک پھونک کر قدم رکھیں مخلص اور بزرگ افراد سے مشاورت رہنمائی تحفظ کا باعث بنے گی گذشتہ سالوں کی کارکردگی کے ثمرات بھی ملنا شروع ہو جائیں گے عقل مندی کا تقاضہ ہے کہ ملنے والے مالی، مادی کارباری وسائل کی حفاظت کی جائے خود اعتمادی سے آپ کی کاروباری قابلیت میں اضافہ ہو گا بااثر اور قابل ہم پیشہ مخلصین سے بہترین مشاورت، اعتماد اور تعاون حاصل ہو گا ممکنہ شراکتی سرمایہ بھی مل کر رہے گا ان شاء اللہ
اس سال (2019 ء) سورج اور چاند کے مندرجہ ذیل پانچ گرہن ہوں گے:
(1) 6 جنوری جزدی سورج گرہن: آپ کے دشمن آشکار ہو کر ذلیل و خوار ہوں گے۔
(2) 21 جنوری مکمل چاند گرہن: شریک حیات یا شریک کار سے شکوک شبہات کی وجہ سے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔
(3) 3 جولائی جزدی سورج گرہن: قرض، بیماری اور مقدمات سے نجات ملے گی (الحمدللہ) بشرطیکہ اس کے لئے پہلے سے کوئی کوشش کی گئی ہو۔
(4) 17 جولائی مکمل چاند گرہن: بڑھتے ہوئے اخراجات کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
(5) 26 دسمبر جزدی سورج گرہن: دشمن ذلیل و خوار ہوں گے۔
برجِ حوت
اس سال (2019 ء) آپ کی شخصیت ،حیثیت اور عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا آپ خود کو علمی اور روحانی طریقہ سے مزید اوپر لے جا سکتے ہیں۔ آپ کی روحانی اور جسمانی محنتیں رنگ لائیں گی اور مستقبل میں راحت کا باعث ہوں گی صرف مستقبل قریب میں ہی نہیں زندگی بھر ان سے حاصل شدہ فوائد اور ثمرات آپ کے دامن کی زینت بنیں گے۔ لوگ آپ سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں گے جلد بازی میں ایسے جذباتی فیصلوں سے گریز کریں جو مخالفین اور حاسدین کو مخالفت کی بنیاد مہیا کریں اور اس بُرے مقصد میں مزید تیز ہو جائیں۔
صدقات و خیرات کو زندگی کا معمول بنائیں۔ درود پاک اور چہار قُل کو پڑھنا زندگی کا معمول بنائیں۔ ان شاء اللہ برکتیں ہی برکتیں ملیں گی۔
اس سال (2019 ء) عزیز و اقارب، بھائی بہنوں اور ہمسایوں کی جانب سے تشویش اور فکر پریشانی کا اندیشہ ہے۔ ان کی عیادت خدمات اور ضروریات زندگی کا ممکنہ خیال رکھیں یہ طریقہ صدقہ و جاریہ سمجھ کر انجام دیں۔ کلی طور پر عزیز و اقارب اور رشتہ داروں سے خوش گوار مراسم اور ایک دوسرے کے لئے ایثار و قربانی کا جذبہ بڑھے گا۔ قریبی احباب کے ساتھ آرام و سکون کی فضا قائم کی جائے حاسدین کی جانب سے ان تعلقات کو زہر آلود کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی ان کی سازش سے ہوشیار رہیں اور محتاط طرز عمل اختیار کریں۔
برج حوت سے تعلق رکھنے والے وہ لوگ (لڑکے لڑکیاں) جن کی شادی مختلف وجوہ کی بنا پر اب تک رُکی ہوئی ہے۔ اس سال ان شاء اللہ ان کی شادیاں بخیر خوبی انجام پا جائیں گی پسند کی شادی کے امکانات روشن ہیں۔ ناراض میاں بیوی کی ناراضگی چاہے آسمان کو چھو رہی ہو ان کی صلح صفائی یقینی طور پر معرضِ وجود میں آئے گی۔ کیونکہ جوڑے بنانا اور ان کا وجود قائم رکھنا اس ذات باری کا کام ہے مثبت امید رکھیں ان شاء اللہ نتیجہ آپ کی خواہش کے مطابق نکلے گا۔
اس سال (2019 ء) ذرائع آمدنی میں اضافہ ہو گا۔ مزید سرمایہ لگا کر نفع بخش وسائل حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ مالی لین دین کے معاہدے تحریری طور پر کریں صرف زبانی جمع خرچ ناکافی ہو گا تھوڑی محنت کر کے بھی خاطر خواہ مثبت نتائج حاصل ہوں گے باصلاحیت افراد کی جانب سے آپ کو مالی فوائد حاصل ہوں گے کچھ پرانے دوست ساتھ چھوڑ جائیں گے ان کی جگہ نئے اور مخلص افراد حلقہ احباب میں شامل ہو جائیں گے بزرگوں سے مشاورت جاری رکھیں۔ ان کی دعائیں بھی حاصل کریں دوستوں اور کاروباری افراد پر اندھا دھند بھروسہ نہ کریں۔ پہلے تجزیہ پھر تجربہ اور پھر لین دین۔
اس سال (2019 ء) سورج اور چاند کے مندرجہ ذیل پانچ گرہن ہوں گے:
(1) 6 جنوری جزدی سورج گرہن: کچھ دوستوں کی بے وفائی آپ کو دل برداشتہ کر سکتی ہے دوسروں سے وابستہ توقعات پوری نہ ہو سکیں گی۔
(2) 21 جنوری مکمل چاند گرہن: آپ اپنا قرض کم یا بالکل ختم کر سکتے ہیں۔
(3) 3 جولائی جزدی سورج گرہن: صاحبان اولاد کی نگہداشت سے غافل نہیں ہونا چاہیے محبوب کی بے وفائی کا صدمہ بھی پیش آسکتا ہے۔
(4) 17 جولائی مکمل چاند گرہن: دوستوں سے وابستہ توقعات پوری نہیں ہو سکیں گی۔
(5) 26 دسمبر جزدی سورج گرہن: دوستوں کی بے وفائی کاروباری نفع کی بجائے نقصان کا باعث بنے گی۔
(https://www.youtube.com/channel/UCocRtcVtv2gZbLVDq2FtPDg)