پبلک سروس کمیشن رپورٹ دوبارہ بحث کیلئے ایجنڈے میں شامل کرنے پر اپوزیشن کا احتجاج 

پبلک سروس کمیشن رپورٹ دوبارہ بحث کیلئے ایجنڈے میں شامل کرنے پر اپوزیشن کا ...

  



لاہور(این این آئی)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں 6ماہ قبل پیش کردہ پنجاب پبلک سروس کمیشن2017ء کی سالانہ رپورٹ کودوبارہ ایوان میں بحث کیلئے ایجنڈے میں شامل کرنے پر اپوزیشن نے احتجاج کیا جس کے بعد اجلاس پیر کی سہ پہرتین بجے تک کیلئے ملتوی کردیاگیا، صوبائی وزیر شوکت لالیکانے پنجاب اسمبلی کے ایوان کو بتایا ہے کہ صوبے میں زکوۃ فنڈ کی رقم 4ارب سے بڑھا کر6 ارب روپے سالانہ کر دی گئی ہے، نئی مردم شماری کے(بقیہ نمبر53صفحہ12پر)

 بعد پنجاب بھر کی تمام زکوۃ کمیٹیاں نئی مردم شماری کے مطابق بنائی جائیں گی۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز بھی مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ53منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئر مین میاں محمد شفیع کی صدارت یں شروع ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر شوکت لالیکا نے محکمہ زکو ۃ وعشر کے بارے سوالات کے جوابات دئیے۔ ملک ارشد ایڈووکیٹ کے سوال پر ایوان کو بتایا گیا کہ حکومت نے نہ صرف زکو ۃ فنڈ میں اضافہ کیا ہے بلکہ گزارہ الاؤنس اور جہیز فنڈ میں بھی اضافہ کردیا ہے۔عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے حوالے سے وزیر اعلی پنجاب نے وزیر قانون کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو پنجاب کے تمام عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے سفارشات تیار کرے گی۔ اجلاس میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپور ٹ 2017 پر بحث کا آغاز کیا جبکہ وزیر قانون نے کہا کہ کس قدر افسوس کی بات ہے کہ اپوزیشن ایوان کی کارروائی میں دلچسپی ہی نہیں لیتی، اجلاس کی کارروائی میں حصہ لینے کے لئے دو ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کئے گئے لیکن وہ اجلاس کی کارروائی کا حصہ بننے کی بجائے کسی اور ہی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔جس پر اپوزیشن کے رکن ملک وارث کلو نے کہا کہ حکومت صرف بلیم گیم اور ڈنگ ٹپا پالیسی پر گامزن ہے،پنجاب پبلک سروس کمیشن کی جس رپورٹ کو بحث کے لئے پیش کیا گیا ہے یہ 13جون2019 کو اجلاس میں پیش کی گئی اور چھ ماہ کے بعد اچانک اسے دوبارہ ایجنڈے پر ڈال دیا گیا ہے اور بحث کے لئے اس رپورٹ کی کاپی بھی فراہم نہیں کی گئی۔حکومت کو ایک روز پہلے آگاہ کرنا چاہیے تھا جو کہ نہیں کیا گیا۔رکن اسمبلی مہوش سلطانہ نے کہا کہ اگر ہمیں پہلے سے اطلاع دی ہوتی تو ضرور تیاری کرتے تاہم مطالبہ ہے کہ اس بحث کو پیر تک لے جایا جائے تاکہ اس پر بھرپور بحث کی جا سکے۔ملک وارث کلو ابھی بات کرہی رہے تھے کہ پینل آف چیئر میں نے اجلاس پیرکی سہ پہر تین بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا۔

پنجاب اسمبلی

مزید : ملتان صفحہ آخر