پنجاب میں تھانہ کلچر بد ل رہا ہے، عوام کو تبدیلی جلد نظر آئے گی: عثمان بزدار

  پنجاب میں تھانہ کلچر بد ل رہا ہے، عوام کو تبدیلی جلد نظر آئے گی: عثمان بزدار

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تھانہ کلچر میں تبدیلی کاآغاز خانیوال میں پہلے ماڈل پولیس سٹیشن کے ذریعے کر دیا گیا،ماڈل پولیس سٹیشن کا دائرہ کار بتدریج پورے صوبے تک بڑھائیں گے،تھانہ کلچر بدل رہاہے عوام کو تبدیلی جلد نظر آئے گی،پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام دوست بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار دورہ خانیوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے خانیوال کے پہلے ماڈل پولیس سٹیشن تھانہ کہنہ او رڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا معائنہ کیا۔وزیر اعلی نے سرکٹ ہاؤس خانیوال میں ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کی اور انتظامیہ اور پولیس کو ضروری ہدایات جاری کیں - وزیر اعلی نے سرکٹ ہاؤس میں تحریک انصاف خانیوال کے عہدیداران سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو تھانہ کہنہ پہنچنے پر پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی،وزیراعلیٰ نے ماڈل پولیس سٹیشن کے فرنٹ ڈیسک کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے ٹوکن لے کر باری کا انتظار کیا اور باری آنے پر وکٹم سپورٹ آفیسر کے پاس گئے اور نئے سسٹم کا خود مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ نے نو تعمیر شدہ حوالات کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ماڈل تھانے کے آپریشن روم کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے آپریشن روم سے فیلڈ میں موجود انویسٹی گیشن افسر سے بھی براہ راست گفتگو کر کے ایک کیس پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہی حاصل کی،وزیراعلیٰ نے پکار 15سے منسلک کرائم میپنگ سسٹم کا بھی مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ماڈل پولیس سٹیشن میں سائلین کی سہولت کیلئے انتظامات پر اطمینان کااظہار کیا اور تھانے میں ٹی بارکے قیام کو سراہا۔ماڈل پولیس سٹیشن میں پولیس ملازمین کی تفریح کیلئے علیحدہ سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانیوال میں ایمرجنسی او رمختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سی ٹی سکین روم اور فزیوتھراپی روم کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں مزید ڈائیلسسز مشینیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ گردے کے مریضوں کے علاج معالجے کے لئے مزید سہولتیں او رمشینری ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے اورہسپتال کا ٹراما سنٹر جنوری میں ہر صورت فعال کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے خانیوال کے صحافیوں کے لئے بھی صحت انصاف کارڈ کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ صحافیوں کے علاج معالجے کے لئے ہر ممکن تعاون کرتے رہیں گے،اس موقع پرسیکرٹری پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکٹ ہاؤس خانیوال کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا،بعدازاں اجلاس میں امن عامہ کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے ضلع خانیوال کی تمام سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خانیوال کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل دیں گے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے میاں چنوں میں انڈر پاس کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گرلز کالج جہانیاں کی طالبات کیلئے نئی بس فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خانیوال میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے موثر مہم تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے سرکٹ ہاؤس خانیوال میں تحریک انصاف کے عہدیداروں نے بھی ملاقات کی۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے عہدیدار اور کارکن ہمارا سرمایہ ہیں لہٰذاعہدیداروں اور کارکنوں کے جائز کاموں میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔مزید برآں ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاہے کہ جلالپور کینال کے میگا پراجیکٹ پر کام شروع کرنے کاکریڈ ٹ تحریک انصاف کی حکومت کو جاتا ہے،32ارب 70کروڑ روپے کا یہ منصوبہ خطے کی تقدیر بدل دے گا۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول