قیادت کا خلوص اور ایمانداری اقوام کی زندگی بدل دیتی ہے، بریگیڈ ئیر شمر یز خان 

قیادت کا خلوص اور ایمانداری اقوام کی زندگی بدل دیتی ہے، بریگیڈ ئیر شمر یز ...

  



ڈیرہ اسماعیل خان(بیورو رپورٹ) اسٹیشن کمانڈر ڈیرہ بریگیڈئیر شمریز خان نے کہا ہے کہ قیادت کا خلوص لگن اور ایمانداری قوموں کی زندگی بدل دیتی ہے، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں قربانیوں کی لازوال داستانیں رقم کرنے کے بعد ملنے والا یہ ملک قدرت کاتحفہ ہے جسکی قدر اور حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، پاکستان دشمن قوتیں ہمیں مذہبی، لسانی و نسلی بنیادوں پر لڑوانے کی سازشوں میں ہمیشہ مصروف رہی ہیں مگر پاکستانی عوام نے ہمیشہ دشمن کی سازش کو ناکام بنایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عاطف قیوم شہید پارک میں پاک فوج کے زیر اہتمام یوم قائد اور کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محسن صلاح الدین، ایڈیشنل ایس پی نجم الحسنین لیاقت، کینٹ ایگزیکٹیو آفیسر مجاہد شاہ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122کاشف سلام،ڈپٹی سٹیشن کمانڈرکرنل محمد عاقب، لیفٹیننٹ کرنل شاہد ریاض سمیت سرکاری اداروں کے نمائندوں،پادری وکسن، پادری اکمل سمیت مختلف مسیحی عبادتگاہوں کے پادریوں  اور مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین،مردو بچوں  نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مہمانان گرامی کی آمد پر مسیحی برادری کے بچوں نے انہیں گلدستے پیش کئے۔تقریب میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے بچوں نے اسٹیج پر ٹیبلو سمیت مختلف خاکے پیش کئے جس کو شرکاء نے خوب پسند کیا ور اور بچوں کی پرفارمنس پر انہیں دل کھول کر داد دی۔تقریب میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان، ڈپٹی کمشنر محمد عمیر اور مختلف گرجا گھروں کے پادریوں نے ملک کر یوم قائد اور کرسمس کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنرمحمد عمیرنے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں مذہبی لسانی اور علاقائی تعصب کو روندنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اقلیتیں اس ملک کا حسن ہیں پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں نے ہمیشہ قابل ستائش کردار ادا کیا  انہوں نے کہا کہ یو م قائد پاکستان کی تاریخ کا بڑا د ن ہے۔ قیام پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور ہندوستان کے مسلمانوں کیلئے انکی بیش بہا خدمات کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ برداشت رواداری ترقی یافتہ اور اعلی اخلاق کی حامل قوموں کی شناخت ہوتی ہے اور آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی اس ملک کی عزت عظمت دفاع پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔تقریب کے دوران اقلیتی برادری کے مسائل سننے اور ان کے حل کیلئے ”خصوصی کھلی کچہری برائے اقلیتی شہری“کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران سمیت تمام سرکاری محکموں کے افسران و نمائندے بھی موجود تھے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر