نئے بلدیاتی نظام اور رولز کے حوالے سے بین الوزارتی جائزہ اجلاس

    نئے بلدیاتی نظام اور رولز کے حوالے سے بین الوزارتی جائزہ اجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ 2019 اور اس کے تحت بننے والے رولز کے حوالے سے بین الاوزارتی جائزہ اجلاس زیر صدارت سنیئر صوبائی وزیر برائے سیاحت، ثقافت و امور نوجوانان عاطف خان منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی، وزیر خزانہ تیمور سیلم جھگڑا، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ میاں شکیل، سیکریٹری قانون مسعود احمد، ڈائریکٹر جنرل بلدیات عابداللہ کاکاخیل، ٹیم لیڈر لوکل گورنمنٹ ریفارمز یونٹ خالد خان اور دیگر سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ 2019 اور رولز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رولز کی تیاری کا عمل جاری ہے جو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء نے نئے ترمیمی بلدیاتی نظام کے حوالے سے اپنی تجاویز اور آراء سے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر سنیئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کو مزید واضح اور آسان بنایا جائے اور اس کے تحت بننے والے رولز کو بھی جامع بنایا جائے جو کہ بلدیاتی نظام کے ہر پہلو کا محاصرہ کریں۔ صوبائی وزیرِ بلدیات شہرام خان ترکئی نے کہا کہ صبر اور تحمل سے کام لیتے ہوئے ہمیں اچھے سے اچھا نظام متعارف کرانا ہے جو کہ افادیت میں اپنی مثال آپ ہو۔ انہوں نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام پہلے سے زیادہ موثر اور ڈیلیور ایبل ہے۔ اس نظام کے تحت بلدیاتی نمائندوں کو زیادہ فنڈز اور اختیارات حاصل ہوں گے۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سیلم جھگڑا نے کہا کہ اس نظام میں تمام اکائیوں کے لیے مفصل اور واضح رولز ہونے چاہیں اور ہر ایک نمائندے کے کردار کو واضح کیا جانا چاہیے۔