خیبر پختونخواہ پولیس میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، ظہور بابر آفریدی
پشاور(کرا ئم رپورٹر) خیبر پختونخواہ پولیس میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، محکمہ پولیس میں ہونے والی تبدیلیوں کی بدولت پولیس کے استعداد کار اور صلاحیتیوں میں نکھار پیدا ہواہے، سٹی پٹرولنگ فورس کے جوان ہر میدان میں کارہائے نمایاں انجام دے رہے ہیں، سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں کو کرائم سین کو محفوظ بنانے سے متعلق جدید کورس کرایا گیا ہے جس سے کرائم سین پر اہم شواہد کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے گا، ان خیالات کااظہار ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے گزشتہ روز سکول آف انوسٹی گیشن حیات آباد میں سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں کے کرائم سین سے متعلق خصوصی کورس کے اختتام پر ہونے والے تقریب کے دوران کیا تفصیلا ت کے مطابق سکول آف انوسٹی گیشن حیات آباد پشاور میں سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں کو کرائم سین کو محفوظ بنانے اور اہم شواہد کو ضائع ہونے سے بچانے کی خاطر خصوصی تربیت دی گئی،خصوصی کورس کے اختتام پر گزشتہ روز خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،اس موقع پر پرنسپل سکول آف انوسٹی گیشن طارق اقبال، ڈی ایس پی سٹی پٹرولنگ فورس عثمان خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے،ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی کو سکول آف انوسٹی گیشن کی افادیت و اہمیت کے حوالے سے بتایا گیا کہ خیبر پختونخواہ پولیس کی کارکردگی اور ان کو جدید انوسٹی گیشن کے طریقہ کار سے ہم آہنگ کرنے کے لئے سال 2014 میں سکول آف انوسٹی گیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں پانچ مختلف کورسز کرائے جا تے ہیں، اس موقع پر سکول انتظامیہ نے مزید کہا کہ قیام سے لے کر اب تک ہزاروں افسروں و اہلکاروں نے خصوصی تربیت حاصل کی ہے جن میں پولیس اور دیگر محکموں کے اہلکاروں سمیت پاکستان ائر فورس کے جوان بھی شامل ہیں ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں سے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ خیبر پختونخواہ پولیس تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہے جس کے دوران پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے مختلف سکولوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کو جدید انوسٹی گیشن سے روشناس کرانے کی خاطر سکول آف انوسٹی گیشن کا قیام عمل میں لایا گیا جہاں جدید تربیت کی بدولت پولیس اہلکاروں کے استعداد کار اور تفتیش کے طریقہ کار میں نکھار پیداہوا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ سٹی پٹرولنگ فورس بطور فرسٹ ریسپانڈرز کرائم سین کے حوالے سے حاصل کئے گئے جدید تربیت کی بدولت کرائم سین کو محفوظ کرنے اور اہم شواہد ضائع ہونے سے کلیدی کردار ادا کریں گے، جن سے نہ صرف ایسے جرائم میں ملوث اصل ملزمان کا سراغ لگانے میں آسانی ہو گی بلکہ ایسے شواہد کو عدالت میں پیش کر کے ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دلوانے میں ممدود و معاون ثابت ہونگے تقریب کے آخر میں ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے تربیت مکمل کرنے والے افسروں اور اہلکاروں میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے۔