مردان، شہریوں کا بلا جواز جرمانوں، صفائی اور پانی کے بلوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

مردان، شہریوں کا بلا جواز جرمانوں، صفائی اور پانی کے بلوں کیخلاف احتجاجی ...

  



مردان (بیورورورپورٹ) ہوتی یونین کونسل کے مکینوں نے واٹر اینڈ سینٹییشن سروسز کمپنی کی ناجائز جرمانوں،صفائی اورپانی کے بلوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین کی قیادت سابق تحصیل نائب ناظم مشتاق سیماب،ضلع کونسل کے سابق رکن حاجی سردار خان،وسیم ہوتی اور دیگر کررہے تھے۔مظاہرین ہوتی پارک سے پریس کلب تک گئے اور انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کمپنی کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مشتا ق سیماب،حاجی سردار خان،وسیم ہوتی اور دیگر نے کہا کہ کمپنی کو ٹی ایم اے کے تمام وسائل فراہم کردیے گئے ہیں لیکن انکی کارکردگی انتہائی ناقص ہے اور اب کمپنی کی جانب سے صفائی اور پانی کے بلز شہریوں کوبھیجے جارہے ہیں جو کہ کمپنی کے لئے شرم کا مقام ہے۔انہوں نے کہاکہ واٹر اینڈ سینٹیشن سروسز کمپنی نے ایشین بینک سے اربوں روپے کے فنڈز بھی لئے ہیں لیکن پھر بھی شہریوں پر پانی اور صفائی کے بھاری بھر کم بلز بھیجے جار ہے ہیں جو کہ افسوسناک امرہے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے ترقیاتی بجٹ کے فنڈز بھی اس کمپنی کو فراہم کئے گئے ہیں لیکن ترقیاتی فنڈز عوام کی بجائے کہیں اور خرچ ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ٹی ایم اے مردان محدود وسائل کو شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کررہے تھے لیکن کمپنی کے آنے کے بعد صفائی،نکاسی آب اور صاف پانی کے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے۔انہوں نے دھمکی دی کہ اگرواٹر اینڈ سینٹییشن سروسز کمپنی کے انتظامیہ نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو شہر کے چود ہ یونین کونسلوں کے مکین کمپنی کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کے ساتھ ساتھ عدالت کا دروازہ بھی کٹھکٹھائے گی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر