2020ء تعمیری بنیادوں پرپاکستان کی تشکیل کا سال ہے‘روزینہ جلال

2020ء تعمیری بنیادوں پرپاکستان کی تشکیل کا سال ہے‘روزینہ جلال

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)معروف ماہر فلکیات وعلم الاعداد روزینہ جلال نے کہاکہ علم غائب صرف اللہ تعالیٰ کی ذات جانتی ہے۔ وہی ہر چیز پر قادرمطلق ہے یہ مجھ سمیت ہر مسلمان کا عقیدہ ہے۔ میں کچھ بھی نہیں ہوں میں صرف اپنے علم الاعداد کی بنیاد پر جو اللہ تعالیٰ نے مجھے عطاء کیا ہے اس کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کئی سالوں سے ہر نئے سال کی آمد پر پیشین گوئیاں دے چکی ہوں۔ جو الحمدللہ 90فیصد درست ثابت ہوئیں۔ان میں چند ایک درج ذیل ہیں جو کئی اخبارات میں شائع ہوچکی ہیں اسکے علاوہ سوشل میڈیااور انٹرنیٹ پر موجود ہیں۔ پچھلے سال پیشن گوئیوں میں سابق وزیراعظم نوازشریف کا ستارہ رجعت میں ہونے کی وجہ سے میں نے قارئین کو نواز شریف کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے انکی گرفتاری،سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری اور سابقآمر فوجی صدرپرویز مشرف کا سیاسی باب بند ہونے کی پیشین گوئیاں دی تھیں جو الحمداللہ 2019ء میں بالکل درست ثابت ہوئیں۔قارئین کی خدمت میں ایک بار پھر حاضر ہوں۔سال2020ء کی پیشین گوئیوں کیساتھ کہ اس بار سال2020ء پاکستان کے لیے کیسا رہے گا۔زائچے کے مطابق2020ء کا سال تعمیری بنیادوں پرپاکستان کی تشکیل کا سال ہے۔ اس سال میں جہاں قمری گرہن اور سورج گرہن کی وجہ سے کچھ معاملات میں پاکستان کیلئے مشکلات ہونگی وہیں الحمدللہ پاکستان،ایران اور افغانستان کے تعلقات بہتری کی طرف جائیں گے۔اس دوران ہندوستانی خفیہ ایجنسی جو بھی جہاں بھی دہشت گردانہ کاروائی کرے گی وہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگی اور بین الاقوامی طور پر ہندوستان کیلئے جگ ہنسائی کا سبب بنے گی۔ انشاء اللہ پاکستان ترقی کی منازل طے کریگا اور دوسرے ملکوں کیساتھ بڑے بڑے معاہدات کیئے جائیں گے۔پاکستان کے قرضوں میں کمی ہوگی اور روپے کی قدر مستحکم رہے گی۔2020ء کو اگر خواتین کا سال قرار دیا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔خواتین کے لیے خوشخبری ہے کہ خواتین کوئی بھی کام کریں چاہے وہ ایک گھریلو خاتون ہو یا اْس کی شوبز کی دنیا سے وابستگی ہو اسکے عروج کا یہ سال ہو گا کیونکہ 2020ء کا سال 4عدد کا بنتا ہے،جو کہ جفت عدد ہے۔خواتین چاہے پارلر کے کاروبار سے منسلک ہیں، کشیدہ کاری، تزئین و آرائش، شوبز یا پھر الغرض کسی بھی شعبہ ہائے زندگی سے منسلک ہیں وہ ہر شعبے میں ترقی کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ اسکے علاوہ پاکستان کے دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ معاہدے ہونگے۔ جس سے بے روزگار پاکستانیوں کو بہترین مواقع میسر آتے نظر آرہے ہیں۔ سی پیک جو گزشتہ برس جس سست روی کا شکار تھا اْس میں اس برس اتنی ہی تیزی نظر آرہی ہے۔10جنوری2020ء کو چاند گرہن لگنے جا رہا ہے۔جس کی وجہ سے حکومتی عہدوں پر اکھاڑ پچھاڑ نظر آرہی ہے نہ صرف ان کے عہدوں میں تبدیلی ہوگی بلکہ نئے چہرے بھی سامنے آسکتے ہیں۔چاند گرہن کی وجہ سے راہو اور کیتو کے درمیان مقابلے کی نظر بننے جارہی ہے اس دوران لائن آف کنٹرول پر کشیدگی بڑھ سکتی ہے اورتشویش ناک حد تک صورت حال جاسکتی ہے۔بھارت اور پاکستان کے درمیان ممکنہ طور پر محدود جنگ بھی شروع ہوسکتی ہے۔کیونکہ کیتو اور راہو مقابلے کی نظر بنا رہے ہیں اور قمری گرہن کی وجہ سے ملک میں انارکی پھیلنے کے خدشات بڑھتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔جنوری اور جون کے وسط میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے اس دوران سٹاک ایکسچینج میں مندی کارجحان بھی بڑھ سکتا۔ جس طرح پہلے بتایا ہے کہ یہ خواتین کا سال ہے تو حکومتی اہم عہدوں پر خواتین نظر آسکتی ہیں۔ حکومت کیخلاف مذہبی،سیاسی جماعتوں کی طرف سے مظاہرے،جلسے اور جلوسوں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔ جس پر وفاقی حکومت کی طرف سخت رد عمل سامنے آسکتا ہے۔ داخلی و خارجی محاذ پر حکومت اور فوج اس دوران ایک پیج پر نظرآئیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...