رینجرز کی شکریہ جناح مہم، بانی پاکستان سے محبت کا اظہار

رینجرز کی شکریہ جناح مہم، بانی پاکستان سے محبت کا اظہار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)بابائے قوم، بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کا شکریہ ادا کرنے کے لیے اور ان کی سالگرہ کا مہینہ ہونے کی وجہ سے ماہِ دسمبر میں سندھ رینجرز کی جانب سے شکریہ جناح کے نام سے مہم چلائی گئی۔یہ مہم بانی پاکستان کے یوم پیدائش 25 دسمبر پر انہیں شکریہ ادا کرنے کے لیے چلائی گئی کہ انہوں نے ہمیں ایک ملک، پہچان اور شناخت دی۔پاکستان رینجرز سندھ کے شکریہ جناح ایونٹ کا مقصد قوم کو پیغام دینا بھی تھا کہ اللہ تعالی کی جانب انعام میں ملنے والے اس حسین ملک پر ہم اللہ تعالی کے شکر گزار بنیں اور ان لوگوں کا شکریہ بھی ادا کریں جن کی جدوجہد سے یہ ملک معرضِ وجود میں آیا۔رینجرز کی شکریہ جناح مہم کا بنیادی مقصد عوام بالخصوص نوجوانوں میں قائد اعظم کے زریں اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔شکریہ جناح مہم کے سلسلے میں عوام نے بھی پاکستان رینجرز(سندھ)کی کاوش کا بھر پور ساتھ دیا اور دسمبر کے مہینے کو قائدِ اعظم کے مہینے کے طورپر شایانِ شان طریقے سے منایا۔اس مہم کے سلسلے میں پاکستان رینجرز سندھ کی طرف سے مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا جن میں صوبے بھر میں قائدِ اعظم کی تصاویر سے مزین بینرز آویزاں کیے گئے۔اس موقع پر کراچی کو تین زون میں تقسیم کیا گیا جنہیں Unity لیگ، Faith لیگ اور Discipline لیگ کا نام دیاگیا۔اسکولوں اور کالجز کے طلبا کے مابین مختلف کھیلوں کے ساتھ ساتھ قائد اعظم محمد علی جناح کی جہدو جہد آزادی کی عکاسی کے لیے تقریری، تصویری اور مضمون نویسی کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔قاسم رینجرز کی جانب سے نیو چھور میں پاکستان میں مقبول اور سندھ کے ہر دلعزیز کھیل اونٹوں کی ریس کا انعقاد کیا گیا جبکہ صوبے بھر میں امن واک بھی منعقد کی گئیں۔اس مہم کے سلسلے میں وقتا فوقتا مختلف اسکولوں کے بچوں کو کراچی میں واقع قائدِ اعظم کی جائے پیدائش(وزیر منشن)، رہائش گاہ اور مزار کا دورہ کروایا گیا۔دوسری جانب صوبے بھر میں کرکٹ، فٹ بال، باکسنگ اور اسنوکر کے مقابلے ہوئے جن میں عوام کی کثیر تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ان کھیلوں کے علاوہ اسنوکر، خواتین کے لیے بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔ان تمام مقابلوں میں جیتنے والے کھلاڑیوں میں رینجرز کے اعلی حکام نے میڈل اور انعامات بھی تقسیم کیے۔پاکستان رینجرز(سندھ) کی جانب رینجرز کی شکریہ جناح مہم کی پروقار اختتامی تقریب مزارِ قائد پر یومِ ولادتِ بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے موقع پر منعقد کی گئی۔تقریب میں ملٹری اور سول مہمانوں، اسکول اور کالج کے بچوں، کھیل اور صحافت سے وابستہ افراد، شہر کے دیگر معززین بھی شریک ہوئے۔تقریب میں تحریک ِپاکستان کے حوالے سے دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں، اسکول کے بچوں نے تقریری مقابلوں اور ٹیبلوز کے ذریعے داد و تحسین وصول کی جبکہ نامور گلوکاروں نے بھی فن کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مزارِ قائد پر مصنوعی روشنی کے ذریعے پاکستان کے چاروں صوبوں اور رنگوں کی جھلک اور آتش بازی کو حاضرین نے خوب سراہا۔