50کلو گرام وزنی تھیلے کی قیمت میں 200روپے اضافے پر اظہار تشویش 

50کلو گرام وزنی تھیلے کی قیمت میں 200روپے اضافے پر اظہار تشویش 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد(اے پی پی) صدر پنجاب فوڈ بورڈ فیصل آباد نے گزشتہ تین روز کے دوران چینی کے 50کلو گرام وزنی تھیلے کی قیمت میں 200روپے اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے متعلقہ ارباب اختیار سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے تا کہ چینی کی فی کلو گرام قیمت جو 70روپے سے بڑھ کر 75روپے فی کلو ہو چکی ہے میں مزید اضافہ روکا جا سکے۔جمعہ کے روز میڈیا سے بات چیت کے دوران پنجاب فوڈ بورڈ فیصل آباد کے صدر حاجی نعیم احمد نے کہا کہ اب جبکہ گنے کا کرشنگ سیزن جاری ہے اور چینی بھی وافر مقدار میں موجود ہے مگر اس کے باوجود شوگر مافیا کی جانب سے قیمتوں میں بلا جواز اضافہ تشویشناک ہے۔انہوں نے کہاکہ 100کلو گرا م چینی کے تھیلے پر گزشتہ تین روز کے دوران قیمت میں 400روپے کا اضافہ کیا گیا ہے مگر اس کے برعکس کاشتکاروں سے 190روپے فی 40کلو گرام کے مقرر کردہ حکومتی نرخوں پر گنا خریدنے میں تاخیری حربوں کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔جس کے ساتھ ساتھ اضافی ناپ تول کے ذریعے بھی کاشتکاروں کا استحصال جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت 75روپے فی کلو گرام تک جا پہنچی ہے جسے فوری طور پر نہ روکا گیا تو اس میں مزید اضافہ بھی متوقع ہے۔
انہوں نے کہاکہ شوگر ملز مالکان خود تو بلا جواز قیمتوں میں اضافہ کر کے کروڑوں روپے کما رہے ہیں مگر شہریوں کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دیا جا رہا۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ارباب اختیار اس ضمن میں فوری کاروائی یقینی بنائیں گے۔

مزید :

کامرس -