عرب لیگ نے لیبیا اور یمن میں غیر ملکی مداخلت سے خبر دار کردیا 

    عرب لیگ نے لیبیا اور یمن میں غیر ملکی مداخلت سے خبر دار کردیا 

  



قاہرہ(این این آئی)عرب لیگ کے سکریٹری جنرل احمد ابو الغیط کا نے لیبیا اور یمن کے بحرانوں میں غیر عرب ممالک کی مداخلت کے خطرے کو باور کراتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ لیبیا میں جارحیت کو روک کر سیاسی حل کی جانب واپس لوٹا جائے۔ابو الغیط نے لیبیا میں بالخصوص دارالحکومت طرابلس کے اطراف خطرناک جارحیت کی صورت حال کو پریشان کن قرار دیا۔ اس کے نتیجے میں لیبیا کے بحران کے مربوط سیاسی تصفیے تک پہنچنے کے لیے جاری عرب اور بین الاقوامی کوششیں پیچیدگی کا شکار ہو گئی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق عرب لیگ کے جنرل سکریٹریٹ کے ایک ذمے دار ذریعے نے بتایاکہ ابو الغیط نے لیبیا میں تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر جارحیت میں کمی لائیں، فائر بندی کے لیے متفقہ اقدامات کو یقینی بنائیں اور سیاسی عمل کو دوبارہ شروع کریں۔ذریعے نے مزید بتایا کہ ابو الغیط نے ایک بار پھر تاکید کی کہ عرب لیگ، لیبیا کے اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت کی تمام صورتوں کو مسترد کرتی ہے۔ اس لیے کہ ان مداخلتوں کا نتیجہ تنازع کو طول دینے اور لیبیا کے عوام کی مشکلات میں اضافے کی صورت میں سامنے آئے گا۔ مزید یہ کہ ان مداخلتوں سے ان سفارتی کوششوں میں پیچیدگی پیدا ہو گی جو اقوام متحدہ کی سرپرستی میں بحران کے پر امن حل کے واسطے کی جا رہی ہیں۔احمد ابو الغیط نے ایک بار پھر یہ موقف دہرایا کہ عرب لیگ لیبیا کے بحران کے تصفیے کے واسطے لیگ کی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

مزید : عالمی منظر