نواب ٹاؤن کی فارمیسی مین ڈکیتی کی واردات کے 3خطر ناک ملزم گرفتار: لاکھوں مالیت کا مل مسروقہ برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر)نواب ٹاون پولیس نے اسلحہ کے زور پر فارمیسی میں لاکھوں روپے مالیت کی ڈکیتی کی واردات کرنے سمیت دیگر ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث مبشر عرف مبشری ڈکیت گینگ کے تین ارکان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، موٹرسائیکل، موبائل فون، اسلحہ سمیت دیگر مال مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ فارمیسی پر ڈکیتی کی واردات پر سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر ڈویژن غضنفر علی شاہ کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے احکامات جاری کیے تھے جس پر ڈی ایس پی راجہ فخر بشیر کے ہمراہ ایس ایچ او نواب ٹاون تیمور عباس خان کی نگرانی میں جو پولیس ٹیم تشکیل دی اس ٹیم نے فوٹیج کی مدد سے تین ڈاکوؤں کو گرفتار کیا، ایس ایچ او نواب ٹاون تیمور عباس خان کے مطابق فارمیسی پر واردات کے بعد فوٹیج سمیت دیگرشواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ مزاحمت کے بعد تین ملزمان سرغنہ مبشر عرف مبشری، کاوش بھٹی اور جہانگیر حیدر کو گرفتار کیا گیا ملزمان سابقہ ریکارڈیافتہ اور درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں ملزمان نے دوران تفتیش علاقہ نواب ٹاون، ستوکتلہ، رائے ونڈ، جوہرٹاون سمیت دیگر علاقوں میں وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے،ملزمان اسلحہ کے زور پر دکانوں، گھروں میں گھس کر لوٹ مار کرتے اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کرنے سے بھی دریغ نہ کرتے، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیاگیا ہے سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے خطرناک ملزمان کی گرفتاری پر ایس ایچ او نواب ٹاون تیمور عباس خان اور دیگر ٹیم کو نقد انعام و تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔