حکومت نئی سپورٹس پالیسی،کھیلوں کانیاانفراسٹرکچر بنائے،سید کرار عباس

  حکومت نئی سپورٹس پالیسی،کھیلوں کانیاانفراسٹرکچر بنائے،سید کرار عباس

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیشنل سکول آف تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سید کرار عباس نے کہا ہے کہ نیشنل سکول آف تائیکوانڈو ایسوسی ایشن ملک بھر میں تائیکوانڈو کے کھیل کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینے کے مشن پر گامزن ہے، تائیکوانڈو سیلف ڈیفنس کیلئے بہترین کھیل ہے،تائیکونڈاو سمیت مارشل آرٹس کے تمام سٹائلز کی ٹریننگ سے انسان جسمانی و ذہنی طورپر مضبوطی حاصل کر سکتاہے لہٰذابچوں کو معاشرے کا بہترین شہری بنانے کیلئے انہیں تائیکونڈاو سمیت مارشل آرٹس کے دیگر سٹائلز کی ٹریننگ دلوائی جائے جو سیلف ڈیفنس کے ساتھ خود اعتمادی اور دوسروں کی عزت کرنے کا ایک عملی نمونہ ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں انسان کو ذہنی و جسمانی طور پر فعال رکھتی ہیں لہٰذاوالدین کو چاہے کہ وہ اپنے بچوں کو تائیکوانڈو سمیت دیگر کھیلوں کی جانب راغب کریں تاکہ نوجوان نسل نہ صرف صحت مند ہو بلکہ پوری دنیا میں کھیل کے میدانوں میں اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستانی پرچم بلند کرکے اپنا اور اپنے والدین سمیت ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف شہروں کے پارکوں اور کھیل کے میدانوں پر قبضہ مافیا کا راج ہے،پاکستان کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں اور زندگی کے ہر شعبے میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن ان کے پاس آگے بڑھنے کے مواقع اور نوکریاں نہیں ہیں اگر نوجوانوں کو مختلف سرکاری محکموں میں کنفرم نوکریاں دی جائیں، پارکوں اور کھیل کے میدانوں پر قبضہ ختم کرواکے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کر کے گروم کیا جائے توپاکستانی نوجوان ہر شعبے میں کامیابیوں کے جھنڈے گارڈ کر ملک وقوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی