بنگلہ دیش پاکستان کا احسان نہ بھولے، دورہ ملتوی کروانے میں بھارت ملوث: عامر سہیل راشد لطیف

  بنگلہ دیش پاکستان کا احسان نہ بھولے، دورہ ملتوی کروانے میں بھارت ملوث: ...

  



لاہور (آئی این پی)سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے بعد بھی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر ناز و نخرے دکھا رہا ہے جس کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ٹی 20 سیریز کیلئے ٹیم بھیجیں گے اور اس کے بعد ہی ٹیسٹ سیریز سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق اوپننگ بلے باز عامر سہیل نے اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو آئینہ دکھا دیا ہے جن کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کو ہر صورت پاکستان آنا چاہئے۔ان کا کہنا ہے کہ میں انہیں یہ یاد کروانا چاہتا ہوں کہ کس طرح ہم نے بنگلہ دیش کو ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹیسٹ سٹیٹس حاصل کرنے میں مدد کی۔ پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کی جانب سفر میں بنگلہ دیش کی بہت مدد کی اور انہیں یہ بھولنا نہیں چاہئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید ہے دنیا کو اب یہ احساس ہو گا کہ پاکستان میں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی جا سکتی ہے اور جو کچھ 10 سال پہلے یہاں ہوا تھا، ہم نے اس سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اب کرکٹ کے روشن مستقبل کیلئے آگے بڑھنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔یاد رہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی ٹیم پاکستان بھیجنے کے لیے تیار ہے تاہم ٹیسٹ سیریز نیوٹرل وینیو پر ہی کھیلی جائے گی کیوں کہ سٹیک ہولڈرز یہ نہیں چاہتے ہیں۔سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے دورہ پاکستان سے انکار کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان بھارتی کرکٹ بورڈ کے لیے مشکلات پیدا کرسکتا ہے کیونکہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی کامیابی کا امکان روشن ہے،یہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان اور بھارت کے مابین پوائنٹس کا خلا مزید کم کر دیگا اور بھارت یہ بالکل بھی نہیں چاہے گا،آئی سی سی کو اس معاملے میں مداخلت کرکے بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان یقینی بنانا چاہیئے۔

یاد رہے کہ چیئر مین پی سی بی احسان مانی یہ پہلے ہی کہ چکے ہیں کہ اب پاکستان اپنی کوئی بھی ہوم سیریز نیوٹرل وینیو پر نہیں کھیلے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...