لاہور،کاشانہ میں بچیوں سے زیادتی کے الزامات کا معاملہ ،تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش ،سابق صوبائی وزیر اجمل چیمہ کلیئرقرار
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)کاشانہ میں بچیوں سے زیادتی کے الزامات پر تحقیقاتی ٹیم نے رپورٹ تیار کرکے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پیش کردی،کاشانہ سکینڈل میں سابق صوبائی وزیر اجمل چیمہ کو کلیئرقراردیدیاگیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کاشانہ میں بچیوں سے زیادتی کے الزامات کی تحقیقات کرنے والی ٹیم نے رپورٹ تیار کرلی اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پیش کردی،ذرائع کا کہنا ہے کہ کاشانہ سکینڈل میں سابق صوبائی وزیر اجمل چیمہ کو کلیئرقراردیدیاگیا ،تحقیقاتی ٹیم نے کاشانہ میں بچیوں سے زیادتی کے الزامات غلط قراردے دیئے ۔
رپورٹ میں کہا گیاہے کہ کسی بچی سے زیادتی یا بچیوں کو کہیں بھجوانے کے ثبوت نہیں ملے ،افشاں لطیف کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد نکلے ۔سی ایم آئی ٹی کا کہناہے کہ تحقیقات کی گئیں توبچیوں سے زیادتی یا کہیں بھجوانے کے ثبوت نہیں ملے، رپورٹ سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو آگاہ کردیا ۔