گیس بحران کی ذمہ دار وفاقی حکومت ،نیب  آرڈیننس عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو بچانے کیلئے لایا گیا:سعید غنی

گیس بحران کی ذمہ دار وفاقی حکومت ،نیب  آرڈیننس عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو ...
گیس بحران کی ذمہ دار وفاقی حکومت ،نیب  آرڈیننس عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو بچانے کیلئے لایا گیا:سعید غنی

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیرِ اطلاعات سندھ سعید غنی نے  کہاہے کہ گیس کے بحران کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے،نیب  آرڈیننس عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو بچانے کیلئے لایا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ  صرف سندھ ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں گیس کا بحران شدت اختیار کر چکا  ہے، سندھ اور ملک کے دیگر حصوں میں گیس بحران کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔اُنہوں نے کہا کہ سندھ سب سے زیادہ گیس دیتا ہے، پھرصوبے کو گیس فراہمی کیوں کم ہے؟ عمر ایوب کو سندھ کے لیے گیس کی فراہمی کا معاملہ اٹھانا برا لگ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر عمر ایوب جس منصوبے کا حوالہ دے رہے ہیں، اس بارے میں حکومت سندھ سے بات نہیں ہوئی۔ انہوں  نے  کہا کہ ایک بار پھر بجلی مہنگی کر دی گئی ہے، کراچی والوں پر بھی بوجھ ڈالا گیا ہے، حکومت کی نااہلی کے باعث عوام کی زندگی مشکل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ  نیب قانون کی ہمیشہ مخالفت کی ہے، آرڈیننس عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو بچانے کیلئے لایا گیا، وزیراعظم نے کہا تھا ان کے کچھ دوست نیب کے دائرے میں ہیں، نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد اب وہ خوش ہوں گے، پی ٹی آئی کے اتحادی نیب کے دائرکار سے باہر ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر پٹرولیم عمر ایوب خان نے کراچی میں سدرن گیس کمپنی(ایس ایس جی سی)کے دفتر کے دورے کے موقع پر الزام عائد کیا تھا کہ سندھ میں گیس بحران صوبائی حکومت کا پیدا کردہ ہے۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد


loading...