نیب آرڈیننس ترمیم پر اپوزیشن عوام کو گمراہ کر رہی ہے: فیاض الحسن چوہان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نیب آرڈیننس کی موجودہ ترمیم سے کاروباری حلقوں کا نظام پر اعتماد مضبوط ہوگا، اپوزیشن عوام کو گمراہ کرنے سے باز رہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی نیب آرڈیننس میں ترمیم پر بیجا تنقید سمجھ سے باہر ہے.صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو ہمیشہ کی طرح انگریزی پڑھنے میں مشکل ہو رہی ہے، قانونی امور پر رائے سے پہلے مریم اورنگزیب کو اردو ترجمہ پڑھ لینا چاہیے تھا۔ فیاض چوہان نے کہا کہ موجودہ ترمیم سے کاروباری حلقوں کا نظام پر اعتماد مضبوط ہوگا، ترمیم میں کیسز کے لیے500 ملین کی حد کا کہیں ذکر نہیں، ترمیم میں 3ماہ کے بعد ضمانت کی شق بھی نہیں رکھی گئی۔ ترمیم میں بیوروکریسی اور کاروباری افراد کو کہیں بھی مکمل چھوٹ نہیں، اپوزیشن عوام کو گمراہ کرنے سے باز رہے، ن لیگی قانون کی غلط تشریح کرنے میں اپنا وقت ضائع نہ کریں۔