" تنخواہ 2لاکھ روپے، گیس اور بجلی کا بل 50ہزار آجاتا ہے" وہ وفاقی وزیر جو مہنگائی پر تلملا اٹھا

" تنخواہ 2لاکھ روپے، گیس اور بجلی کا بل 50ہزار آجاتا ہے" وہ وفاقی وزیر جو ...
سورس: Twitter/@AliHZaidiPTI

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جیکب آ باد(آن لائن) وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ مہنگائی سے تکلیف سب کو ہوئی ہے،ہم وزیر ہیں مشکلات ہمیں بھی ہیں، ہماری تنخواہ 2لاکھ روپے ہے، مگر گیس اور بجلی کا بل 50ہزار آجاتا ہے، 15 سال سے اقتدار میں رہنے والوں نے سندھ کے عوام کو بھوک،بدامنی،بدحالی اور کرپشن کے سوا ءکچھ نہیں دیاصرف تباہی دی ہے جس کو سندھ کے عوام بھگت رہے ہیں۔

روزنامہ پاکستان کے مطابق گزشتہ روزیہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ محکمہ پولیس،صحت، تعلیم کوئی چیز ایسی نہیں جو یہ کہہ سکیں کہ یہ ہم نے ٹھیک کیا ہے،حکومت کا کام بھی پرائیویٹ سیکٹر کے لوگ کررہے ہیں، اس ملک میں ایدھی کی ایمبولینس نہ ہو تو حکومت سے ایمبولینس ملنے کی بھی توقع نہیں،بلڈ بینک نہ ہوں تو آپ کو سرکاری ہسپتالوں میں خون بھی نہیں ملے گا،حکمران اپنے جلسے کریں مگر لوگوں کے کام بھی کریں، آٹا اور چینی کے نرخ اب نیچے آگئے ہیں،کیوں کے آٹا ہم نے امپورٹ کردیا ہے،ہم نے مشکل فیصلے کئے شوگر مافیہ پر ہاتھ ڈالا ہے،جنرل پرویز مشرف بھی مافیہ سے پیچھے ہٹ گئے تھے۔

شوگرکی قیمت پیپلزپارٹی اور نواز شریف کے دور میں بھی 140روپے تھی کسی نے انکوائری رپورٹ شائع کی یہ مافیہ ہیں۔ ہر جگہ ان کی مداخلت ہوتی ہے،ہم ان کیساتھ ایک ایک کر کے مقابلہ کررہے ہیں۔مافیہ نے جو ملک اور وسائل پر قبضہ کیا ہوا ہے اس کو ہم توڑ رہے ہیں۔یہ ہے نیا پاکستان جہاں پر گندم اورچینی کی تحقیقاتی رپورٹ عام ہوتی ہے۔رپورٹ میں تو جہانگیر ترین کا بھی نام ہے ہم نے نہیں نکالا،نواز شریف اور زرداری خود چور ہیں،وہ اپنا نام رپورٹ میں آنے نہیں دیتے۔