شگئی‘6 سو لیٹر سے زائد جعلی مضر صحت مشروبات برآمد 

شگئی‘6 سو لیٹر سے زائد جعلی مضر صحت مشروبات برآمد 

  

پشاور(سٹی رپورٹر) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی ضلع خیبر کے علاقے شگئی بازار میں کاروائی کرتے ہوئے 600 لٹر سے زائد جعلی مضر صحت مشروبات برآمد کرلئے۔ کاروائی میں غیر معیاری مشروبات کو ضبط کرلیا گیا۔ کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی۔ ضلع خیبر میں دوسری کاروائی کے دوران مال گوداموں پر چھاپا مارا گیا، جہاں سے بڑی مقدار میں ممنوع چائنہ سالٹ برآمد کیا گیا۔ چائنہ سالٹ رکھنے پر گودام مالکان پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح صفائی کی ناقص صورتحال، غیر معیاری اجزاء کے استعمال پر کئی دیگر کاروباروں پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ بنوں میں نیو سبزی منڈی روڈ بنوں میں مختلف ڈیری شاپس کا معائنہ کیا گیا اور دودھ کے سامپلز موقع پر چیک کئے گئے۔ انسپکشن کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر متعلقہ دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور ورننگ نوٹسز جاری کئے گئے۔ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق جنڈولہ بازار ٹانک میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا۔ کاروائی کے دوران ایک دکان سے غیر معیاری پاپڑ برآمد کرکے ضبط کئے گئے، جبکہ متعدد دکانوں کو بہتری کے لئے نوٹسز نوٹسسز جاری کئے گئے۔ سیٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایت پر تیمرگرہ بازار میں گڑ کا کاروبار کرنے والے مختلف دکانوں کا معائنہ کیا گیا۔ دکانداروں کو معیاری اور مضر صحت رنگوں سے پاک گڑ کی فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، بصورت دیگر ان کی خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائی گی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -