مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، یار محمد شمسی

  مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، یار محمد شمسی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (فلم رپورٹر)پاکستانی نژاد جرمن کے معروف پروڈیوسریار محمد شمسی صابری نے ”پاکستان“سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر انسان کی زندگی تجربات سے گزرتی ہے اور میرے نزدیک سمجھدار انسان وہ ہے جو خود کسی تجربے سے گزرنے کی بجائے دوسرے کے تجربے سے سیکھ لے،میرا مشورہ ہے کہ شادی انسان کو والدین کی مرضی سے کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہرانسان کی زندگی کی مشکلات الگ ہوتی ہیں لیکن ہوتی ضرور ہیں۔سمجھدارانسان وہی ہے جوخودکسی تجربے سے گزرنے کی بجائے اپنے گرد لوگوں کے ساتھ ہونے والے واقعات اورتجربات سے ہی سیکھ لے۔ میں ان دنوں مختلف پراجیکٹس پر کام کررہا ہوں اس حوالے سے میں بہت جلد دوستوں کو سرپرائز دینے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ایک سوال کے جواب میں یار محمد شمسی صابری نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے میری فلم تعطل کا شکار ہوگئی تھی لیکن میں حالات بہتر ہوتے ہی اس کو شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ نئے فنکاروں کی بنیادی تربیت کے لئے ٹی وی بہترین درس گاہ ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ نئے فنکار اپنے سینئرز سے کچھ سیکھنا ہی نہیں چاہتے، دور حاضر کا موجودہ ٹی وی بگاڑ کا شکار ہو چکا ہے،نان پروفیشنل لوگوں نے ٹی وی کی بربادی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یار محمد شمسی ان دنوں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہیں انہوں نے مزیدکہا کہ ماضی کے فنکار انتہائی باصلاحیت اور اپنے کام سے عشق کرنے والے لوگ تھے مگر نئے فنکار اپنے سینئرز سے کچھ سیکھنا ہی نہیں چاہتے۔یار محمد شمسی صابری نے کہا کہ میں ان دنوں کئی پراجیکٹس پر کام کررہا ہوں۔ ایک نیا انٹرٹینمنٹ ویب چینل شروع کررہا ہوں جس میں دیکھنے والوں کے لئے وہ سب کچھ ہوگا جس کی وہ خواہش رکھتے ہیں۔

مزید :

کلچر -