ویمن ان مائننگ اسکیم کے تحت طالبات کیلئے انٹرن شپ کا اعلان 

ویمن ان مائننگ اسکیم کے تحت طالبات کیلئے انٹرن شپ کا اعلان 

  

لاہور(پ ر)وزیر اعلیٰ سردار عثمان احمد خان بزدار کی خصوصی ہدایت پر محکمہ معدنیات نے ویمن ان مائننگ اسکیم کے تحت طالبات کے لئے چار ماہ کی انٹرن شپ کا اعلان کیا ہے۔ان طالبات کو بیس ہزار ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گااس بات کا اعلان سیکرٹری معدنیات عامر اعجاز اکبر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محکمہ معدنیات کے زیر اہتمام  سیمینار کی صدارت سیکرٹری معدنیات عامر اعجاز اکبر نے کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری معدنیات عامر اعجاز اکبر نے کہا کہ  "ویمن ان مائننگ" پہلی پرو ویمن ڈویلپمنٹ اسکیم ہے جس میں کان کنی کے شعبے کو صنفی مرکزی دھارے میں لانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ جو کہ مردوں کا غلبہ والا تکنیکی شعبہ ہے۔ 10 ملین روپے کے بجٹ پر مشتمل  یہ اسکیم ایک سال میں مکمل کی جائے گی۔ اسکیم کے تحت کان کنی کے شعبے میں خواتین کو برابر کے مواقع دینے اور سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کے لیے مختلف سرگرمیاں شامل ہیں۔ آگاہی سیمینار، صلاحیت سازی کے پروگرام، تربیت، نیٹ ورکنگ اور آئی ٹی سکل ڈویلپمنٹ وغیرہ اس اسکیم کے اہم اجزاء  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویمن ان مائننگ کے تحت پہلی سرگرمی کانکنی اور متعلقہ شعبوں میں خواتین کی رول ماڈلز کے ساتھ نیٹ ورکنگ سیشن کا انعقاد  ہے۔  کان کنی کے شعبہ سے وابستہ خواتین اور کانوں کی لیز ہولڈرز نے اپنی کامیابیوں اور جدوجہد سے شرکا کو آگاہ کیا۔صوبائی وزیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ سیمینار میں پنجاب یونیورسٹی اور یو ای ٹی کے مائننگ انجینئرنگ کے طلباء  کے علاوہ محکمہ ہائے صنعت و محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے بھی شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد خواتین کو اس شعبے میں کام کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ محکمہ معدنیات کی جانب سے کان کنی کے علاقوں میں مزید سیمینارز منعقد کیے جائیں گے۔

مزید :

علاقائی -