اکابرینِ امت کے نظریات کا پرچم سر بلند رکھنا اہل حق کا شیوہ،اشرف جلالی

اکابرینِ امت کے نظریات کا پرچم سر بلند رکھنا اہل حق کا شیوہ،اشرف جلالی

  

 لاہور(پ ر) جیا بگا لاہور میں ”مرکز العابد جلالی اہل سنت“ کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے لیے تحریک لبیک یارسول اللہ ؐکے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے رہبر ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے دورہ کیا اور ”مرکز العابد جلالی اہل سنت“ کے چار ایکٹر قطعہ اراضی میں جاری مختلف منصوبہ جات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا فتنوں کے دور میں اکابرینِ امت کے نظریات کا پرچم سر بلند رکھنا اہل حق کا شیوہ ہے۔ ابو الفضل اور فیضی جیسے بہروپیوں نے ہر دور میں دین کو نقصان پہنچایا۔ دنیاوی چمک کی خاطر اہل حق کے منہج کو پس پشت ڈالنے والوں کے چہروں سے اب نقاب ہٹ چکے ہیں۔ باغبان بن کے بلبل کو دھوکہ دینے والوں کا محاسبہ شروع ہو چکا ہے۔ حق کی خاطر کام کرنے والے حق کو پیش نظر رکھتے ہیں۔ ساتھیوں کی قلت و کثرت کو خاطر میں نہیں لاتے۔ صحیح اعتقاد سے قوم فولاد جبکہ پلپلے نظریات سے تباہ و برباد ہو جاتی ہے۔ جزیرہ  العرب سے لے کر مسلم دنیا کے کونے کونے تک عریانی، فحاشی کے ذریعے اْمت مسلمہ کو کمزور کیا جارہا ہے۔ روحانی اقدار سے پسپائی اور اغیار کے افکار کی گدائی سے اْمت مسلمہ کا مسلسل نقصان ہو رہا ہے۔ ہماری نجات یورپ کی تقلید میں نہیں، قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مولانا محمد عمر فاروق جلالی کی قیادت میں ”مرکز العابد جلالی اہل سنت“ کی شوریٰ کی کارکردگی کو سراہا۔ بعد ازاں مرکز کے اساتذہ اور طلباء کی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی سے ملاقات کرائی گئی۔ اس موقع پر مفتی محمد عابد جلالی مرحوم کے لخت جگر صاحبزادہ محمد کعب الاسلام جلالی، حاجی محمد اسلم خان جلالی، مفتی محمد شاہد عمران جلالی، مولانا محمد آصف علی حسینی، مولانا غلام مرتضیٰ باروی، مولانا محمد ذوالفقار علی جلالی و دیگر موجود تھے۔

کیپشن

مزید :

علاقائی -