پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ نقصان زرداریوں نے پہنچایا، علی زیدی 

   پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ نقصان زرداریوں نے پہنچایا، علی زیدی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر اوروفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ نقصان زرداریوں نے پہنچایا،ملک کی قسمت بدلنے کا دعویٰ کرنے والے پہلے سندھ کی قسمت تو بدلیں،سندھ میں برسراقتدار ٹولے کی وجہ سے آج سندھ کے عوام کرب سے گذر رہے ہیں، سندھ میں تیس سال سے یہ لوگ اقتدار میں ہیں، ان کی سرپرستی میں سندھ میں کرپشن اور اقرباء پروری عروج پر ہے۔پیر کو بلاول بھٹوزرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے  وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا  کہ پیپلز پارٹی اب صرف اندرون سندھ کی جماعت بن کر رہ گئی ہے اور پیپلز پارٹی کو قومی سیاست سے نکالنے میں بڑا کردار آصف علی زرداری کا ہے،بدقسمتی سے پیپلز پارٹی کے اندر زرداری سے آگے کی سوچ ہی نہیں،جن جماعتوں کے اندر موروثی سیاست ہے، ان کے منہ سے جمہوریت کا راگ اچھا نہیں لگتا، پہلے اپنی جماعت کے اندر جہوریت قائم کریں، پھر ملک کے جمہوری نظام کی باتیں کریں،بلاول بھٹو کو پتہ ہونا چاہئے کہ ان کے والد (آصف علی زرداری) نے قومی دولت لوٹی اور وہ اسی لوٹی ہوئی دولت پر پلے بڑے ہیں۔
، بلاول ملک کی معاشی حالت درست کرنے کا دعویٰ کر رہے ہیں لیکن عوام ان کے والد سے لوٹی ہوئی دولت واپس چاہتے ہیں،پاکستان کے عوام کو آج ٹو پارٹی سسٹم سے چھٹکارا دلانے والی پی ٹی آئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک سے کرپشن، دہشت گردی اور دھاندلی کا خاتمہ کیا، عوام کو ایک مضبوط انتخابی نظام کا تحفہ دیا ہے اور اسی مضبوط انتخابی نظام سے بلاول اور زرداری کو پریشانی ہے،عمران خان اور پی ٹی آئی کی مقبولیت سے انہیں آج اس لئے گھبراہٹ ہے کہ ان کے اقتدار میں آنے کے تمام راستے بند ہو چکے ہیں، یہ اسلام آباد آنے کا سوچ رہے ہیں لیکن یہ تو لاڑکانہ جانے کے بھی نہیں رہے،انکی مردہ سیاست اب صرف ٹی وی چینلز تک محدود ہے، جھوٹ بولنے، چوری کرنے اور دھاندلی سے الیکشن جیتنے کے عادی انتخابات میں شفافیت کیوں چاہیں گے؟انتخابات میں شفافیت آ گئی تو انہیں خدشہ ہے کہ پارلیمنٹ میں کہیں ان کا داخلہ ہی بند نہ ہو جائے۔
علی زیدی 

مزید :

علاقائی -