بینظیر کا وعدہ پورا کر رہا ہوں،زرداری،کٹھ پتلی کیخلاف اعلان جنگ،ڈیل کی ضرورت نہیں،5جنوری کو لاہور میں مرکز بنائینگے:بلاول

بینظیر کا وعدہ پورا کر رہا ہوں،زرداری،کٹھ پتلی کیخلاف اعلان جنگ،ڈیل کی ...

  

         گڑھی خدابخش (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ کٹھ پتلی کیخلاف جنگ کرنے کے اعلان کا وقت آچکا ہے،ڈیل کی باتیں ہورہی ہیں، ہمیں کسی ڈیل کی ضرورت نہیں،ہم ڈیل کی سیاست نہیں بلکہ شہیدوں کے قبرستان اور عوا م کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، پانچ جنوری کولاہورمیں اپنا مرکز بنائیں گے، ان کوضمنی، سینیٹ الیکشن، لوکل گورنمنٹ کو گھرسے شکست ہوئی، ان کے جانے میں دیرنہیں جیالے تیاری پکڑیں، اگلا الیکشن اوروزیراعظم، وزرائے اعلیٰ بھی آپکے ہوں گے، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، صدر اور وزیراعظم  دہشت گردوں کے سامنے جھک چکے ہیں،دہشت گردوں سے ڈیل کی بھیک مانگ رہے ہیں لیکن دہشت گردوں نے جواب دیدیا ہے۔پیر کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اپنی والدہ اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی14ویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاش 27 دسمبر کو کوئی عام سا دن ہوتا لیکن 14 سال ہو گئے ہیں کہ ہم بے نظیر بھٹو کو یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارا پیارا پاکستان مشکل میں ہے، آج بے نظیر کے پاکستان میں جمہوریت نام کا ہی رہ گیا ہے، نہ بولنے کی آزادی، نہ جینے، نہ سانس لینے کی آزادی ہے، بے نظیر کے پاکستان معاشی طور پر بحران میں ہیں،  غریب عوام لاوارث ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے کہا تھا کہ جمہوریت  بہترین انتقام ہے اور جمہوریت کو بحال کیا، بے نظیر کی 30سالہ جدوجہد کو بحال کیا، اسلامی جمہوری نظام کو اٹھارہویں ترمیم کی صورت میں بحال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کبھی کسی چوہدری کو  استعمال کیا گیا اور کبھی کسی نثار کو استعمال کیا گیا، جمہوریت پر حملے ہوتے رہے، جمہوریت کو نقصان پہنچتا رہا، عوام کے ووٹ پر ڈاکہ مارا گیا، عوام سے جمہوریت چھینی گئی اور آج ملک عوام کٹھ پتلی راج بھگت رہے ہیں، سلیکٹڈ راج کو بھگت رہے ہیں، نالائق نااہل وزیراعظم کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، بے نظیر نے انتہا پسند اور دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر للکارا تھا، ریاست پاکستان کی رٹ قائم کی تھی، پاکستان کا جھنڈا سوات اور وزیرستان میں لہرایا تھا، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی تھی، پاک فوج، پولیس سیکیورٹی اداروں اور عوام نے دہشت گردی کو شکست دی تھی، افغانستان میں دنیاجو نہ کر سکی وہ پاک فوج اور عوام نے کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شہروں کے خون کا سودا کیا جا رہا ہے اور آرمی پبلک سکول کے شہیدوں کا خون کا سودا ہو رہا ہے، دہشت گردوں کے سامنے صدر پاکستان اور وزیراعظم جھک چکے ہیں،دہشت گردوں سے ڈیل کی بھیک مانگ رہے ہیں لیکن دہشت گردوں نے جواب دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ملک انتہا پسندوں، دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بے نظیر کے جیالہ کھڑے ہیں اور جیالے ہی اس ملک و قوم کو بچا سکتے ہیں، جیالے تیاری پکڑیں، اپنے بل بوتے پر کٹھ پتلی کا مقابلہ کریں گے، اگر کوئی کٹھ پتلی کو اٹھا کر پھینک سکتی ہے تو وہ پیپلز پارٹی ہے۔ ملک کے معاشی حالات میں اضافہ ہو چکا ہے، کٹھ پتلی حکومت عوام کے پیٹ اور جیب میں ڈاکہ ڈال رہی ہے جبکہ عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈال چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ایک ہی راستہ، ایک ہی جماعت،ایک ہی سیاسی فلسفہ  اور ایک ہی منشور ہے، اس میں سارے مسائل کا حل ہے، وہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کا منشور اور نظریہ ہے۔دوسری جانب پیر کو گڑھی خدابخش میں شہید بے نظیر بھٹو کی برسی پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر اور شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری نے کہاکہ پاکستان کے عوام کا یہ نصیب نہیں کہ ہمیشہ غریب رہے،پاکستان امیر ملک ہے غریبوں کا نصیب بدلا جا سکتا ہے،پاکستان کے عوام کی تقدیر بلاول بھٹو تبدیل کرینگے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے، ہماری سوچ، منشور یہ ہی ہے کہ عوام کی خدمت کریں،ان کا کہناتھا کہ پاکستان کے عوام کا یہ نصیب نہیں کہ ہمیشہ غریب رہے،پاکستان امیر ملک ہے غریبوں کا نصیب بدلا جا سکتا ہے،وقت اور سوچ کی کمی رہتی ہے جو کہا جاتا ہے اسے بھی سمجھا نہیں جاتا۔ سابق صدر نے کہاکہ وہ وقت آنے والا ہے جب عوام کی تقدیر بدلے گی،پاکستان کے عوام کی تقدیر بلاول بھٹو تبدیل کرینگے، آصف زرداری نے کہاکہ بی بی سے جو وعدہ کیا تھا اسے آہستہ آہستہ پورا کررہا ہوں۔  قبل ازیں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں آصف علی زر داری نے کہاکہ ملک اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے،اس کی آزادی، وقار خودداری، اور عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے،محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے ہر خواب کی تعبیر کریں گے،ملک سے غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ کرکے عوام کو معاشی مشکلات سے نجات کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے،پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے تباہ حال ملک کی دوبارہ تعمیر کی، ملک کو بچایا اب ملک کو مشکلات سے نکالے گی۔سابق صدر نے کہاکہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے ہر خواب کی تعبیر کریں گے۔

بلاول،زرداری

مزید :

صفحہ اول -