تحریک انصاف نے 8 جنوری کو مظفرآباد میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور ریاست کے سینئر وزیرسردار تنویر الیاس خان اور سیکرٹری جنرل راجہ منصور خان کی اہم ملاقات،آزاد جموں و کشمیر میں آمدہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال،ملاقات میں دونوں رہنماوں کی پی ٹی آئی کو گراس روٹ لیول پر منظم کرنے اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی پر طویل مشاورت، پی ٹی آئی آزادکشمیر کا بھر پور قوت کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنے کا عزم ،ملاقات میں طےپایا کہ بلدیاتی انتخابات کےحوالےسےپارٹی رہنماوں اورکارکنوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمائندگی دی جائےگی،اس حوالےسے8جنوری کو مظفرآباد میں پارٹی ورکروں کے لیے عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا،جس میں پی ٹی آزادکشمیر کی گورننگ باڈی کے تمام ممبران، حکومتی نمائندے اور دیگر رہنما شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں 8جنوری کو مظفرآباد میں جلسہ عام کے انعقاد کا اعلان کردیا، جلسہ عام میں آزاد کشمیر بھر سے پارٹی عہدیداران اور کارکنان شرکت کریں گے اور بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی وضع کی جائے گی،پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان نےکہا کہ بلدیاتی انتخابات سےآزادکشمیر میں قیادت کےفقدان کاجمود ٹوٹ جائےگا اور تازہ دم لیڈر شب ابھر کر سامنے آئے گی، ماضی کی حکومتوں نے اپنے ذاتی مفادات اور موروثی کلچر کو پروان چڑھا نے کی خاطر اقتدارنچلی سطح پرمنتقل نہیں ہونے دیا،آزادکشمیر حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے فوراً بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کر کے عوام امنگوں کی ترجمانی کی۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ بلدیاتی نظام فعال ہونے سے عوام کو کوئی طاقت بنیادی حقوق سے محروم نہیں رکھ سکے گی، عوام دیگر سیاسی جماعتوں کو بلدیاتی الیکشن نہ کروانے کا بدلہ پی ٹی آئی کو فتح دلوا کر لیں گے ، الیکشن میں میرٹ پر پارٹی کارکنوں کو امیدوار نامزد کیا جائے گا،کھمبوں، تقرریوں ،تبادلوں کےنام پر پر کوئی طالع آزما عوام کو یرغمال نہیں بنا سکے گا، ممبران قانون ساز اسمبلی کا کام اب، قلیل المدتی اور طویل البنیاد ترقیاتی منصوبوں کے لئے قانون سازی تک محدود ہو جائے گا، انشاءاللہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی حکومت آزاد خطہ کو ایشیا کا سوئیزرلینڈ بنا کر دم لے گی،وقت ثابت کرے گا کہ تحریک انصاف ہی کشمیری عوام کی امنگوں کی ترجمان جماعت ہے،کارکنان وزیر اعظم عمران خان پیغام گھر گھر پہنچائیں، جماعتوں کا سرمایہ کارکنان ہی ہوتے ہیں-
انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فورسزکے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کے مسلسل واقعات پر شدید تشویش،سرینگر اور پلوامہ کے جعلی مقابلوں میں شہید ہونے والوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے بے گناہ شہریوں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت موجودہ تحریک مزاحمت کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے، عالمی اداروں کو مقبوضہ علاقے میں ہندوستانی فورسز کی طرف سے وسیع پیمانے پر نسل کشی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہندوستان پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ جموں کشمیر میں نسل کشی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔