پٹنہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست بہار کے ضلع پورنیا میں ایک مقامی ہندی روزنامے کے فوٹو جرنلسٹ کو ان کے پڑوسی نے لوہے کی راڈ سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ 35 سالہ مقتول نیلامبر یادو پڑوسی اور اس کی بیوی کے درمیان جھگڑے کو ختم کرنے کی کوشش میں گئے تھے لیکن ان کے پڑوسی نے ان پر حملہ کر دیا۔
نیوز 18 کے مطابق نیلامبر یادو جو کہ نیو سپاہی ٹولہ علاقے کے رہائشی تھے، رات تقریباً ڈیڑھ بجے اس وقت اپنے پڑوسی نشانت یادو کے گھر گئے جب نشانت کے والد نیرج یادو نے ان سے مداخلت کی درخواست کی۔ نیلامبر کے چھوٹے بھائی پتمبر یادو کے مطابق نشانت نے اپنے گھر میں موجود پرمود یادو کے ساتھ مل کر نیلامبر کو پکڑ لیا اور نشانت نے لوہے کی راڈ سے ان کے سر پر حملہ کیا۔ نیلامبر بے ہوش ہو گئے اور کچھ ہی دیر بعد ان کا انتقال ہو گیا۔
پولیس کے مطابق نشانت یادو اور نیلامبر کے خاندان کے درمیان پرانی دشمنی تھی۔ ایک سال پہلے نشانت نے مبینہ طور پر نیلامبر کے گھر میں داخل ہو کر ان پر پستول تان لی تھی، جس کے بعد نیلامبر نے اپنے گھر میں سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کروایا تھا۔
پورنیا کے ایس پی کارتیکیہ شرما نے بتایا کہ پولیس کے پہنچنے پر نشانت یادو، اس کے والد نیرج یادو، بیوی بھوانی کماری اور بہنیں رچا کماری اور سواتی کماری دیوار پھلانگ کر فرار ہو گئے۔ تاہم پولیس نے پرمود یادو کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ نشانت اور اس کے دیگر اہل خانہ مفرور ہیں۔
نشانت یادو اور اس کے خاندان کا مجرمانہ ریکارڈ پہلے سے موجود ہے۔ پانچ سال قبل نشانت نے سوناپور پنچایت کے مکھیا پپلو یادو کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا اور ایک سال پہلے ہی وہ جیل سے رہا ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق نشانت کے والد نیرج یادو پر بھی اپنی بیوی کے قتل کا الزام ہے۔