نجی سعودی ایئرلائن نے پاکستان کیلئے فلائٹ شیڈول کا اعلان کردیا

نجی سعودی ایئرلائن نے پاکستان کیلئے فلائٹ شیڈول کا اعلان کردیا
نجی سعودی ایئرلائن نے پاکستان کیلئے فلائٹ شیڈول کا اعلان کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )کم لاگت والی سعودی ایئرلائن فلائی اے ڈیل ’Flyadeal‘ نے 2 فروری 2025 سے پاکستان کے تجارتی مرکز کراچی کے لئے شیڈول پروازیں شروع کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
نجی ٹی وی آج نیوز نے ایئر لائن حکام کے حوالے سے بتایا کہ یہ اقدام اس کی بین الاقوامی توسیعی حکمت عملی میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے اور یہ پاکستان اور جنوبی ایشیا کے لئے اس کی پہلی شیڈول سروس کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2 فروری سے فلائی اے ڈیل کی کراچی سے سعودی عرب کے شہر ریاض اور جدہ کے لئے ہفتے میں دو پروازیں ہوں گی۔ ایئر لائن کے سی ای او سٹیون گرین وے نے کہا کہ وہ جلد ہی پاکستان کے دیگر شہروں کے لئے مزید پروازیں شامل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ایئرلائن کے سی ای او سٹیون گرین وے نے کراچی کو ایک نئی منزل بنانے کے لئے مل کر کام کرنے پر پاکستانی حکام اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں اور بہت سے لوگ دونوں ممالک کے درمیان کاروبار، زیارت یا خاندان سے ملنے کے لئے سفر کرتے ہیں، اس لئے ایئر لائن کے لئے اس روٹ پر پرواز شروع کرنے کا منصوبہ بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ ایئر لائن رواں برس کے آغاز میں پاکستان کے لئے خصوصی حج چارٹر پروازیں چلانے میں کامیاب رہی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے لئے پروازیں شروع کرنا ایئرلائن کے لئے ایک بڑا قدم ہے کیونکہ یہ جنوبی ایشیا کے لئے ان کی پہلی باقاعدہ پرواز ہے۔
پاکستان کے ٹکٹ اب ایئر لائن کے آفیشل چینلز کے ذریعے بکنگ کے لئے دستیاب ہیں۔
سعودی ایئرلائن فلائی اے ڈیل اس وقت سعودی عرب کے اندر اور باہر تقریباً 30 مقامات پر پرواز کرتا ہے۔ ان مقامات میں یورپ، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے شہر شامل ہیں اور پروازیں ایئر لائن کے مرکز ریاض، جدہ اور دمام سے روانہ ہوتی ہیں۔
ایئر لائن کی توسیع جنوری 2025 تک جاری ہے، جس میں دمام سے نجران، تبوک اور ینبو کے لئے نئی گھریلو پروازوں کے ساتھ ساتھ ریاض اور جدہ سے عمان، اردن کے لئے نئی سروسز، تمام ہی کا آغاز یکم جنوری سے ہوگا۔