ہیلسنکی (ڈیلی پاکستان آن لائن) 22 سالہ یوٹیوبر سٹورم ڈی بیول جو اپنی خطرناک مہمات کے لیے مشہور تھے، فن لینڈ کے علاقے لیپ لینڈ میں ایک برفانی طوفان کے دوران زندگی کی بازی ہار گئے۔ سٹورم اپنی آخری ویڈیو میں اپنی دادی اور دوست کو پیغام دیتے ہوئے کہتے ہیں "یہاں شدید برفباری ہو رہی ہے، لیکن فکر نہ کریں، میں زندہ رہوں گا، آپ جانتے ہیں۔"
ڈیلی سٹار کے مطابق سٹورم کی موت اکتوبر کے مہینے میں ہوئی۔ اس حادثے میں وہ منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ کی سردی اور 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کا مقابلہ کرتے ہوئے ہلاک ہوئے۔ سٹورم اپنی کار سے ایک دن کی مسافت پر تھے، انہوں نے ایمرجنسی سروسز کو کال کی کہ وہ زخمی ہیں اور مدد کی ضرورت ہے۔ تاہم شدید موسم کی وجہ سے حکام فوری طور پر مدد نہ بھیج سکے۔ اگلی صبح جب ہیلی کاپٹر کے ذریعے انہیں تلاش کیا گیا تو وہ برف میں جمے ہوئے حالت میں پائے گئے۔
سٹورم کی والدہ نے بتایا "اس رات درخت اکھڑ گئے تھے۔ شاید ان کا خیمہ اڑ گیا اور انہیں اسے تلاش کرنے کے لیے جانا پڑا۔ ان کے پاؤں اور ٹانگیں منجمد تھیں، اور ان کی ناک بھی ٹوٹی ہوئی تھی، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی مقام پر گرے تھے۔"
سٹورم کے والد کا کہنا تھا "ان کی ویڈیوز ہمارے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ لیکن ان کا کیمرہ ابھی بھی وہاں برف کے نیچے ان کی آخری مہم کی یادوں کے ساتھ موجود ہے۔ میں اسے واپس لانا چاہتا ہوں۔"