لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نےلاہور کے علاقے شاد باغ میں یونین کونسل 45 (پی پی 158، این اے 118) کے تحت 4نئی سڑکوں کا افتتاح کیا۔ ان سڑکوں میں ٹرپل روڈ شاد باغ، احسان روڈ، شیر شاہ روڈ، اور کشمیر روڈ شامل ہیں۔ وزیر خزانہ نے ان ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح سرخ فیتہ کاٹ کر کیا۔افتتاحی تقریب کے دوران علاقہ مکینوں اور عمائدین نے وزیر خزانہ کا پرتپاک استقبال کیا اور ان منصوبوں کو علاقے کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ انفراسٹرکچر کسی بھی معیشت کی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ موجودہ حکومت مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے سڑکوں کی بحالی اور تعمیر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ یونین کونسلز کی سطح پر رابطہ سڑکوں کی تعمیر سے عوام کی روزمرہ زندگی اور کاروباری معاملات میں نمایاں آسانیاں پیدا ہوں گی۔ ان سڑکوں سے نہ صرف سفری سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
وزیر خزانہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پنجاب میں ترقیاتی منصوبے برق رفتاری سے مکمل ہو رہے ہیں۔ مریم نواز اپنے والد محمد نواز شریف اور چچا محمد شہباز شریف کی عوامی خدمت کی روایت کو آگے بڑھا رہی ہیں اور "شہباز سپیڈ" سے بھی زیادہ تیز رفتاری سے ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہی ہیں۔
وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے پنجاب ترقی کی دوڑ میں سب سے آگے ہوگا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
تقریب کے آخر میں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ حکومت عوامی خدمت کے اس سلسلے کو آ ئند ہ بھی جاری رکھے گی حکومتی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے مقامی لوگ کے لیے مزید آسانیاں پیدا کی جائیں گی ۔
شاد باغ لاہور میں سڑکوں کے افتتاح کے بعد صوبائی وزیر نے حضرت سید بلاول شاہؒ کے مزار پر حاضری دی جہاں انھوں نے فاتحہ خوانی کے بعد چادر بھی چڑھائی۔