پنجاب میں ڈسٹرکٹ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کے انٹرویوز ،وہ دن گئے جب من پسند افراد کو افسر لگادیا جاتا تھا :وزیر تعلیم

Dec 28, 2024 | 11:53 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب میں ڈسٹرکٹ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کے انٹرویوز کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر تمام اضلاع میں تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے 409 ڈی ای اوز،  ڈپٹی ڈی ای اوز کے انٹرویوز لیے گئے۔ وزیر تعلیم نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کے انٹرویو کے عمل کا آن لائن جائزہ لیا اور تمام عمل کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کی۔ وزیر تعلیم نے خود بھی ڈی ای اوز، ڈپٹی ڈی ای اوز کے انٹرویوز کئے۔ اس ضمن میں تمام اضلاع میں انٹرویوز کیلئے تمام الگ الگ کمیٹیاں قائم کی گئیں تھیں جن میں وزیر تعلیم، سیکرٹری ایجوکیشن، کمشنرز، محکمہ تعلیم کے سینئر افسران سمیت ایڈوائزری کمیٹی برائے تعلیم کے اراکین شامل تھے۔ گذشتہ ماہ ہونے والے ڈی ای اوز، ڈپٹی ڈی ای اوز کے تحریری امتحان میں مجموعی طور پر 409 امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔

 اس موقع پر وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ایجوکیشن سیکٹر میں میرٹ کے فروغ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ وائس چانسلرز سے لے کر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کی تعیناتیوں تک تمام عمل میں شفاف میرٹ کو مدنظر رکھا گیا ہے۔  وہ دن گئے جب سفارش پر من پسند افسران کو ضلع کا افسر لگا دیا جاتا تھا۔جامع میکنزم کے تحت قابل ایجوکیشن افسران کا تقرر کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب میں معیار تعلیم کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ میرٹ پر تعلیمی افسران کی تقرری سے تعلیمی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں