تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن تمام جماعتوں کیلئے اچھی مثال ہیں ، شہریوں کا ردعمل

تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن تمام جماعتوں کیلئے اچھی مثال ہیں ، شہریوں کا ...

لاہور(رانا جاوید/الیکشن سیل) لاہورکے شہریوں نے تحریک انصاف کے پارٹی انتخابات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ایک مثال قائم کی ہے سیاسی جماعتوں کو اپنی جاگیر اور وراثت سمجھنے والے بڑے سیاستدانوں کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی جماعتوں کے اندر حقیقی معنوں میں الیکشن کروائیں اور محض خانہ پری نہ کریں ان خیالات کا اظہارشہریوں نے روزنامہ ”پاکستان“ کی طرف سے کئے جانے والے سروے کے دوران کیا۔مزنگ کے رہائشی محمد نوید نے کہا تحریک انصاف نے جمہوری روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی پارٹی کے اندر الیکشن کرانے کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر دیا ہے اچھرہ کے رہائشی محمد وسیم نے کہا یہ بڑی اچھی روایت ڈالی گئی ہے کہ پارٹی کے اندر جمہوریت کو فروغ دیا جا رہا ہے پاکستان تحریک انصاف کے علاوہ دوسری سیاسی جماعتیں موروثی جماعتیںبن چکی ہیں وہاں پر عہدے بانٹے جاتے ہیں جبکہ تحریک انصاف نے نچلی سطح سے لیڈر شپ کو آگے لانے کے لئے اپنی پارٹی میں الیکشن کرائے ہیں جس میں پارٹی کارکنوں نے بھرپور حصہ لیا ہے اور اپنے ووٹ کے ذریعے اپنی پارٹی کے عہدیداروں کا انتخاب کرینگے جو کہ عوام کے حقیقی نمائندے ہوں گے ہال روڈ کے رہائشی نذیر نے کہا میں سمجھتا ہوں تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی پارٹی الیکشن کرانے چاہئیں تاکہ عوام میں سیاسی شعور بیدار ہو اور جو لوگ موروثی طور پر پارٹیوں کے اوپر سانپ بن کر بیٹھے ہیں ان کو پارٹی کارکنوں کے ووٹ کے ذریعے منتخب ہونا چاہئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے یہ روایت ڈال دی ہے اس کی تقلید اگر دوسری پارٹیاں بھی کریں گی تو جمہوریت مستحکم ہو گی نیلا گنبد کے رہائشی زاہد اعوان نے کہا بڑی جماعتیں کبھی بھی نہیں چاہیں گی کہ ان کے پارٹی الیکشن شفاف طریقے سے ہوں کیونکہ ان پارٹیوں کے سربراہان پارٹی کی صدارت یا بڑے عہدے اپنے خاندان کے علاوہ کسی اور کونہیں دینا چاہتے انار کلی کے رہائشی محمد اویس نے کہا میں سمجھتا ہوں ہر پارٹی میں الیکشن ہونے چاہئیں اور الیکشن شفاف ہونے چاہئیں صرف دکھاوے کے لئے الیکشن کرانا کوئی جمہوری طریقہ نہیں تمام بڑی پارٹیاں پاکستان میں موروثی سیاست کو فروغ دے رہی ہیں تحریک انصاف واجد جماعت ہے جس نے جمہوری رویوں کو فروغ دینے کے لئے اپنی پارٹی کے اندر الیکشن کروائے ہیں پارٹی کے کارکنوں نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور اپنے نمائندوں کے حق میں ووٹ ڈالے ہیں۔ بھاٹی کے رہائشی نصیر احمد کا کہنا تھا پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر کی آمریت کو ختم کر کے جمہوریت کو فروغ دینا چاہئے اور اپنی پارٹیوں کے اندر جمہوری طریقے سے الیکشن کرا کے پارٹی عہدے ایسے عہدیداروں کو دینا چاہئے جن کو پارٹی کے کارکن منتخب کرتے ہیں تحریک انصاف نے پہلا قدم اٹھا لیا ہے اب دوسری جماعتوں کو ضرور اس کام کی تقلید کرنی چاہئے۔سنت نگر کے رہائشی ریاض حسین چوبرجی کے افضل، سمن آباد کے پرویز نے کہا تحریک انصاف کے انتخابات جمہوری روایات کے لئے ایک خوش آئند اقدام ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1