دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے تعلیم کوعام کرنا ہوگا: سلمان رفیق

دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے تعلیم کوعام کرنا ہوگا: سلمان رفیق

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی خواجہ سلیمان رفیق نے کہا ہے کہ معاشرے میں تعلیم کی روشنی پھیلا کر ہی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے اندھیروں کو دور کیا جاسکتا ہے-انہوں نے یہ بات گورنمنٹ پبلک ماڈل ہائی سکول شاہ عالم مارکیٹ اور گورنمنٹ وکٹوریہ گرلز ہائی سکول لوہاری گیٹ اندرون لاہور کے طلبا و طالبات میں وزیراعلیٰ پنجا ب کی اجالا سکیم کے تحت سولر انرجی لیمپس تقسیم کرنے کے موقع پر کہی-خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اجالا سکیم شروع کر کے طلبا و طالبات کو لوڈ شیڈنگ کے مستقل عذاب سے نجات دلا دی ہے اور کم از کم طلبہ کو اب اپنی سٹڈی اور امتحانات کی تیاری کے سلسلہ میں رات کو بجلی کے انتظار میں کئی کئی گھنٹے انتظارکی کوفت برداشت نہیں کرنا پڑے گی- خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نئی نسل کے ہاتھ میں کتاب اور قلم دیا ہے اور تعلیم کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت نے تاریخی اقدامات کئے ہیں جوایک ریکارڈ ہے - انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کودوبارہ قوم کی خدمت کرنے کا موقعہ ملا تو ملک سے لوڈ شیڈنگ اور جہالت کے اندھیرے دور ہوجائیں گے اور ایک روشن اور ترقی یافتہ پاکستان باوقار انداز میں قوموں کی صفوں میں سراٹھا کر کھڑا ہوگا- انہوں نے طلبا و طالبات پر زور دیا کہ وہ پوری محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور مستقبل میں ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالنے کیلئے اپنے آپ کوتیار کریں-

مزید : میٹروپولیٹن 1