جیلوں کی اصلاح، قیدیوں کو مفید شہری بنارہے ہیں: اقبال چنٹر

جیلوں کی اصلاح، قیدیوں کو مفید شہری بنارہے ہیں: اقبال چنٹر

لاہور(جنرل رپورٹر) صوبائی وزیرجیل خانہ جات محمد اقبال چنڑ نے کہاہے کہ حکومت نے جیلوں کی اصلاح کرکے گھروں میں تبدیل کردیاہے اور قیدیوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لئے ان کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی ہے جسکے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں کی سیکیورٹی کے اقدامات میں بھی جدت پیدا کی گئی ہے اور اہلکاروں کو جدید اسلحہ کے استعمال کی تربیت بھی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میںگیارہ نئی جیلیں زیر تعمیر ہیں اور انکے لئے حکومت نے فنڈز جاری کردئیے ہیں جبکہ صوبے کی تمام جیلوں میں موبائل کااستعمال روکنے کےلئے جیمرز بھی لگائے گئے ہیں -ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع سے آئے وفود سے ملاقات کے دوران کیا- اس موقع پر مختلف جیلوں کے حکام بھی موجود تھے- انہوں نے کہا کہ حکومت نے جیلوں میں اسیران کو اپنے پیاروں سے ٹیلی فونک بات چیت کیلئے صوبہ بھر میںٹیلی فون بوتھ کا پروگرام مرتب کیا ہے-جہاں وہ با آسانی اپنے پیاروں سے مقررہ وقت تک کیلئے بات چیت کر سکیں گے-اس لینڈ لائن فون کی سہولت سے جیلوں میں موبائل برآمد ہونے کے واقعات کا خاتمہ ہوگا اور موبائل کی بدولت جنم لینے والے جرائم کا نیٹ ورک توڑنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ قیدیوںکو قانونی طور پریہ سہولت دی گئی ہے کیونکہ یہ انکا بنیادی حق ہے کہ وہ دوران قیداپنے وکلاءسے مقدمات کی پیروی، والدین اور بچوں کے ساتھ ضروری رابطہ کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیلیفون بوتھ سے صرف لینڈ لائن فون پر ہی کال ہوسکے گی موبائل پر کال نہیںہوگی۔وزیر جیل خانہ جات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں جیل اصلاحات نافذ کرکے اسیران جیل کو صحت ،تعلیم اور معیاری کھانے کی سہولتوں میں اضافہ کیاہے۔ جیلوں میں قیدیوںکو اہلخانہ کے ساتھ رابطہ کے لئے ٹیلیفون بوتھ( پی سی او) کی تنصیب ایک انقلابی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ سنٹرل جیل میں ٹیلی فون بوتھ کا منصوبہ 17 لاکھ روپے کی گرانٹ سے مکمل کر لیاگیاہے -جہاں اسیران کو یہ سہولت مہیا کر دی گئی ہے-

مزید : میٹروپولیٹن 1