جمہوریت کی بحالی کیلئے میڈیا کا کردار لائق تحسین ہے، رانا اقبالجمہوریت کی بحالی کیلئے میڈیا کا کردار لائق تحسین ہے، رانا اقبال
لاہور ( سپیشل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ صحافی برادری کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور بغیر تحقیق کے کوئی خبر عوام تک نہیں جانی چاہیے۔ سچے اور پر خلوص جذبے کے ساتھ صحافتی امور کی انجام دہی عبادت ہے۔ جمہوریت کی بحالی کے لیے میڈیا کا کرد ار لائق تحسین ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر رانا محمد اقبال خاں نے صوبہ سندھ سے آئے ہوئے سکھر پریس کلب کے صحا فیوں سے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا۔ سپیکرنے ان کے اعزاز میں ناشتہ کا اہتمام کیا ۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافی مثبت تنقید کر کے حکومت اور اپوزیشن دونوں کی رہنمائی کرسکتے ہیں ۔ صحافی‘ عوامی نمائندوں اور عوام کے درمیان رابطہ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مولانا ظفر علی خان ‘ مولانا محمد علی جوہراور حمید نظامی صحافت کی تاریخ کے درخشاں ستارے ہیں ان کی خدمات ہمارے لیے قابل فخراور مشعل راہ ہیں ۔ ہم سب کو جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کام کرنا چاہیے۔ سپیکر نے کہا کہ صوبوں کے درمیان وفود کے تبادلہ سے ایک دوسرے کے مسائل کو سمجھنے کا موقع ملے گا اور جمہوریت کے فروغ کے لیے مل جل کر کام کرنا چاہیے۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ بین الصوبائی ہم آہنگی اور وفاق کی مضبوطی کے لیے چاروں صوبوں کے عوا م کی خواہشات کا احترام اور صوبوںکے مابین اچھے تعلقات استوار ہونے چاہئیں ۔ ہمیں پاکستان کی سا لمیت کو مقدم رکھنا ہو گا۔ وفد کے سربراہ سکھر پریس کلب کے صدر لالہ اسد پٹھان نے مہمان نوازی پر سپیکرکا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں اور معاشرے کی اصلاح کا پہلو مدنظر رکھتے ہیں۔