یونٹی گروپ نے فتح کا جشن منایا

یونٹی گروپ نے فتح کا جشن منایا

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف ضلع لاہور کے انتخابات میں میدان مارنے والے یونٹی گروپ نے گزشتہ روز فتح کا جشن منایادن بھر یونٹی گروپ کے نو منتخب عہدیداروں کے دفاتر اور مرکزی دفاتر میں جشن کا سماں رہا۔ شام تک مٹھائیاں بانٹنے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کا سلسلہ جاری رہا۔ دوسری طرف ہارنے والے نظریاتی گروپ کے سربراہ میاں محمودالرشید اور ان کے حامیوں میں سوگ کی فضاءچھائی رہی۔ ادھر آزاد امیدوار فاروق امجدمیر بھی نظر سے غائب رہے۔ سہ پہر کو یونٹی گروپ اور اس کے حامیوں نے اظہار تشکر کے طور پر مال روڈ تحریک انصاف کے دفتر میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد کی جس کے مہمان خصوصی نو منتخب صدر عبدالعلیم خان اور جنرل سیکرٹری عبدالرشید بھٹی تھے۔ جبکہ دن بھر جیتنے والوں کی خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری رہا شام کو عبدالعلیم خان کے اعزاز میں جیتنے کی خوشی میں استقبالیہ دیا گیا عبدالعلیم خان اپر مال روڈ پر واقع پارٹی آفس پہنچنے پر ان کا استقبال شاندار طریقے سے کیا گیا ڈھول کی تھاپ پر کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے صدر فرداً فرداً پنڈال میں موجود کارکنوں سے ملے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1