مسلم لیگ ق کے مثبت کردار سے ملک میں جمہوریت اور نظام مضبوط ہو ا،پرویز الٰہی

مسلم لیگ ق کے مثبت کردار سے ملک میں جمہوریت اور نظام مضبوط ہو ا،پرویز الٰہی

لاہور (جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہماری جماعت کے مثبت کردار سے ملک میں جمہوریت اور نظام مضبوط ہوا، وفاقی و صوبائی حکومتوں نے 5 سال پورے کیے، ہمارے دور کے منصوبوں کیلئے آنے والی اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری روک کر پنجاب دشمنی کی گئی، ناکام سکیموں کے ذریعہ صوبہ برباد کرنے والوں کے مقابلہ میں ہم نے خدمت کی نئی تاریخ لکھی تھی جبکہ 5 سال میں 4 دانش سکول بنانے والوں نے غریبوں کے بچوں کے 4 ہزار سکول بند کر دئیے، ہم نے عام و غریب آدمی، وکلائ، تاجروں ،محنت کشوں، اقلیتوں، صحافیوں کیلئے کامیاب فلاحی منصوبے بنائے، ہمارے ساتھیوں، کارکنوں اور ونگز کی کارکردگی شاندار رہی، چند ماہ میں ہم نے 15 شہروں میں مقامی پارٹی قائدین کی محنت سے اور عوام کی محبت سے کامیاب اور تاریخی جلسے کیے۔ وہ پاکستان مسلم لیگ ق کا صدر منتخب ہونے کے بعد صوبائی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کونسل کے ارکان اور الیکشن کمیشن سے دلی طور پر اظہار تشکر کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ نے پنجاب میں لوٹوں کے سہارے حکومت کی جس کا کوئی اخلاقی، قانونی جواز نہیں تھا، ہسپتالوں کی دوائیوں کے فنڈز اور غریب کے بچے کے قاعدہ کے فنڈز، ”جنگلا بس“ پر لگانا کون سی خدمت ہے؟ انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سال قومی او رصوبائی سطح پر اپوزیشن کا بھرپور اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کے بعد پیپلزپارٹی کی مفاہمتی پالیسی کے پیش نظر ہم نے حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تاکہ عوام کی منتخب کردہ اسمبلیاں آئینی مدت پوری کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کسی شعبہ میں کوئی اچھا کام نہیں کیا، ہمارا تعلیمی ویژن اور کمٹمنٹ تھی کہ تعلیم پر انوسٹمنٹ کا مطلب خوشحال پاکستان کیلئے انوسٹمنٹ ہے، ہم نے تعلیم کو عام کرنے کیلئے بنیادی فیصلے کیے جن میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور میٹرک تک مفت تعلیم اور کتابوں سمیت 70 ہزار اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی بطور خاص قابل ذکر اقدامات ہیں، ورلڈ بینک سمیت عالمی اداروں نے ہمارے پروگرام کی تعریف کی لیکن ان کی پالیسیوں کے باعث اب تعلیم کا شعبہ بھی دیگر شعبوں کی طرح بری طرح انحطاط کا شکار ہے۔

پرویزالٰہی

مزید : صفحہ اول