پنجاب حکومت نے 5برسوں میں تعلیمی شعبے پر 11ارب روپے خرچ کئے شہباز شریف

پنجاب حکومت نے 5برسوں میں تعلیمی شعبے پر 11ارب روپے خرچ کئے شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے تعلیمی شعبہ کی بہتری اور علم کی کرنیں صوبے کے کونے کونے میں بکھیرنے کے لئے اربوں روپے خرچ کئے ہیں جس کی ملک کی 65سالہ تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کے پانچ سالہ دور اقتدار میں تعلیمی شعبے پر صرف 10ارب روپے خرچ کئے گئے " پڑھا لکھا پنجاب "کے نام پر کروڑوں روپے اشتہاربازی پر ضائع کئے گئے۔ اس کے برعکس پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے تعلیمی شعبے کی بہتری پر گزشتہ پانچ برسوں میں 111ارب روپے خرچ کئے ہیں۔صوبے بھر کے میرٹ سکالرز میں اربوں روپے سے لیپ ٹاپ، سولر لیمپس، تعلیمی وظائف کی تقسیم کے علاوہ4ہزار سے زائد سکولوں میں آئی ٹی لیبز قائم کرکے تعلیمی شعبے میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔قوم کے نونہالوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کے لئے وسائل کی فراہمی اخراجات نہیں بلکہ سودمند سرمایہ کاری ہے۔ذہین طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ اور سولر لیمپس کی تقسیم ان کی شبانہ روز محنت کا ثمرہے۔ ہم نے قوم کے ذہین بچے اور بچیوں کے لئے سولر لیمپس کے ذریعے اجالے کا اہتمام کردیاہے۔ اب ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حصول تعلیم پر بھرپور توجہ دیں۔وہ یہاں انجینئرنگ یونیورسٹی میں لاہور کے سکولوں اور کالجوں کے طلبا وطالبات میں سولر لیمپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔لاہور کے سرکاری سکولوں او رکالجوں کے میرٹ سکالرز میں25ہزار سولر لیمپس تقسیم کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیرتعلیم میاں مجتٰبی شجاع الرحمن، معاونین خصوصی زعیم حسین قادری، خواجہ سلمان رفیق،وائس چانسلر انجینئرنگ یونیورسٹی ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، اساتذہ، والدین،طلبا وطالبات کی بڑی تعدادنے تقریب میں شرکت کی۔ہونہار طلباوطالبات کو گارڈ آف آنرز بھی پیش کیاگیا۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میرٹ پر سولر لیمپس حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ سولر لیمپس ان کی شبانہ روز محنت کا پھل ہے جس پر ان کے والدین اور اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوںنے کہاکہ "خادم پنجاب اجالاپروگرام"کے تحت صوبے بھر کے ذہین طلباوطالبات میں 2لاکھ 10ہزار سولر پینل تقسیم کئے جارہے ہیں۔وزیراعلی محمدشہبازشریف نے یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی آڈیٹوریم "خادم پنجاب اجالا پروگرام" کے تحت لاہور کے سرکاری سکولوں اور کالجوں کے 25ہزار ہونہار طلبا و طالبات میں مفت سولر پینل تقسیم کرنے کے پروگرام کا آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ جب آڈیٹوریم پہنچے تو ہزاروں طلبا وطالبات نے بھرپور تالیاں بجاکر ان کا والہانہ استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا۔ پوری تقریب کے دوران طلبا وطالبات کا جوش و خروش دیدنی تھا اور انہوںنے وزیراعلیٰ کو ان کی تقریر کے دوران بھرپور داد دی۔ ہال" دیکھو دیکھو کون آیا۔۔۔شیر آیا شیر آیا"، "شہبازشریف ۔۔زندہ باد" کے نعروں سے مسلسل گونجتا رہا۔ وزیراعلیٰ کی تقریر کے دوران بھی طلبا و طالبات مسلسل نعرے لگاتے رہے جس پر وزیراعلیٰ نے طلبا وطالبات کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مہربانی کرکے خاموشی اختیار کریں جس پر ہال میں خاموشی چھاگئی۔ پنجاب حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شعبہ توانائی میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے آج ماڈل ٹاﺅن میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جس کے تحت پانی، کوئلے اور دیگر متبادل ذرائع سے توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے تعاون کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب کی طرف سے سیکرٹری توانائی جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے ان کے نمائندے نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، معاون خصوصی زعیم حسین قادری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری اطلاعات اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پاکستان ریذیڈنٹ مشن مسٹر ورنر لی پیک (Mr. Werner Liepach) اور دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت پنجاب حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بینک توانائی کے مختلف منصوبوں کی نشاندہی اور ابتدائی جائزہ کے حوالے سے تعاون کریں گے اور پنجاب حکومت اس پہلے مرحلے کی کوئی فیس ادا کرنے کی پابند نہیں ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے میں ٹرانزکشن ایڈوائزری سروسز ایگریمنٹ کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک منصوبے کے فنی، مالی، قانونی، کمرشل اور دیگر پہلوﺅں کے حوالے سے مکمل معاونت فراہم کرے گا اور منصوبے کا مالیاتی ماڈل تیار کیا جائے گا جبکہ تیسرے مرحلے میں علیحدہ ٹرانزکشن ایڈوائزری سروسز ایگریمنٹ کے تحت ایک فنڈ قائم کیا جائے گا اور فنڈ مینجر کا انتخاب کیا جائے گا۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب کے دوران بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کے بحران کے باعث معیشت کو بہت نقصان پہنچ رہا ہے۔ بجلی کی طلب اور رسد میں فرق کے باعث کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے توانائی کے حصول کیلئے اقدامات کر رہی ہے کیونکہ توانائی کے بغیر ترقی کا حصول ناممکن ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے میٹرو بس سسٹم کا اچانک دورہ کیا اور عام مسافروں کی طرح میٹرو بس میں سفر کیا۔ وزیراعلیٰ نے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پاکستان ریذیڈنٹ مشن مسٹر ورنرلی پیک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ نے قطار میں کھڑے ہو کر عام مسافروں کی طرح اتفاق بس سٹیشن سے ٹوکن لیا۔ بس میں رش کے باعث وزیراعلیٰ نے اتفاق سٹیشن سے یادگار چوک تک کا سفر کھڑے ہو کر کیا۔ وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر مسافروں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور ”شہباز شریف زندہ باد “ کے نعرے لگائے۔ بزرگ خواتین، طالبات اورمرد حضرات نے وزیراعلیٰ کو میٹرو بس سروس کے اجراءپر مبارکباد دی۔ اس موقع پر مسافروں نے وزیراعلیٰ سے کہا کہ جس طرح آپ نے ٹرانسپورٹ کا فرسودہ نظام ٹھیک کیا ہے اسی طرح بجلی کا مسئلہ بھی ٹھیک کردیں جس کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ نے موقع دیا تو بجلی کا نظام بھی درست کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے میٹرو بسوں پر سفر کرکے اس سسٹم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور میٹرو بسوں کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ اس موقع پر بس میں موجود مسافروں نے بتایا کہ پہلے ہمیں دو دو بسیں بدلنا پڑتی تھیں اب ہم ایک ہی بس پر سفر کرکے کم وقت میں اپنی منزل تک پہنچ جاتے ہیں۔ کوئی دھکم پیل ہے نہ بدتمیزی۔ بسوں کا جدید نظام لانے پر شہباز شریف کے شکرگزار ہیں۔ کنٹری ڈائریکٹر ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا کہ مجھے میٹرو بس میں سفر کرنے کا بہت لطف آیا ہے۔ شہباز شریف نے عوام کی سہولت کیلئے شاندار منصوبہ بنایا ہے جو ان کی حکومت کا زبردست کارنامہ ہے۔

مزید : صفحہ اول