یو سی 73ناقص سیوریج ،منشیات کی بھرماروارداتیں عام،اہل علاقہ پریشان

یو سی 73ناقص سیوریج ،منشیات کی بھرماروارداتیں عام،اہل علاقہ پریشان
یو سی 73ناقص سیوریج ،منشیات کی بھرماروارداتیں عام،اہل علاقہ پریشان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( الیکشن سیل) بدبودار پانی، ناقص سیوریج، لٹکتی تاریں، صفائی کا نہ ہونا، بیماریوں کی کثرت، سرعام ڈکیتیاں، فائرنگ، غنڈہ گردی، منشیات کی فروخت عام، پولیس جرائم پیشہ لوگوں کو نہیں عام آدمی کو تنگ کرتی ہے گوالمنڈی یو سی 73 کوچہ اسماعیل حسین کی حالت 5برسوں میں بھی نہ بدل سکی۔ ”روزنامہ پاکستان“ کی سروے ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے عاشق علی نے کہا پینے کا پانی گندہ ہے ہر بندہ مریض ہے سیوریج کا نظام ناقص ہے آئے روز پائپ بند ہوجاتے ہیں جس سے پانی گلیوں میں نکل آتا نکل آتا ہے برکت علی نے بتایا پانی کے پائپ ناکارہ ہوچکے ہیں کبھی کسی نے دھیان نہیں دیا گیس بالکل نہیں آتی ہم لوگ لکڑیاں جلا کر گزارہ کرتے ہیں۔ ذیشان نے بتایا چوری کا بازار گرم ہے گاڑیوں سے بیٹریاں اتار لی جاتی ہیں۔ دن دہاڑے گیس کے ملازم بن کر گیس میٹر اتار لئے جاتے ہیں۔ دفتر جاکر پتا چلتا ہے کہ وہ لوگ ملازم نہیں بلکہ وارداتیں کرنے والے لوگ ہوتے ہیں جب تھانے میں شکایت کرنے جاتے ہیں تو پولیس والے پوچھتے ہیں چور کا نام بتاﺅ، کسی کی ماں بہن کی عزت محفوظ نہیں، غنڈہ گردی کا بازار گرم ہے۔ محمد جمیل نے کہا کہ پولیس چرس والے کو نہیں پکڑتی اور سگریٹ پینے والے کو پکڑ لیتی ہے پولیس نے عام آدمی کا جینا حرام کیا ہوا ہے۔ ان سے خدا ہی پوچھے گا اس نے بتایا کہ ہر رات ہوائی فائرنگ ہوتی ہے مگر انتظامیہ پوچھتی ہی نہیں۔ غریب آدمی کا یہاں رہنامحال ہوگیا ہے۔ احمد علی نے بتایا کہ منشیات فروشی عروج پر ہے گلیوں میں ہروقت نشئی گھومتے پھرتے نظر آتے ہیں مگر کوئی پوچھتا ہی نہیں انتظامیہ کو سب کچھ پتا ہے مگر جان بوجھ کر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ نذیراں بی بی نے بتایا کہ گھروں میں گیس بالکل نہیں آتی لکڑیاں جلا کر گزارہ کررہے ہیں اوپر سے بل بہت زیادہ آتے ہیں۔ مہنگائی کی وجہ سے جینا محال ہے مشکل سے آٹا لے آتے ہیں جب گھر آتے ہیں تو گیس نہیں ہوتی پکانے کا مسئلہ اور ہم غریب لوگ آٹا پورا کریں یا بل ادا کریں سمجھ میں نہیں آتا۔ حاجی سرفراز نے بتایا کہ نہ تو گیس آتی ہے اور نہ ہی بجلی اور پانی اگر آتا بھی ہے تو بدبودار پینا تو کیا وضو کرنا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گلیوں میں کچھ کام کرایا گیا تھا تو وہ بھی ناقص مٹیریل سے جو 2مہینے بھی نہ چل سکا۔ محمد اسلم نے بتایا کہ اگلے الیکشن میں کسی کو ووٹ نہیں ڈالیں گے۔ اگر ووٹ لینے آئیں گے تو پہلے ان کی پانچ سالوں کی کارکردگی سامنے کریں گے۔ ضیاءالحق کے دور کے بعد کسی نے کام نہیں کرایا اور ہر الیکشن میں جھانسہ دے کر ووٹ لئے جاتے ہیں۔ عابد محمود نے بتایا کہ چوریاں، ڈکیتیاں عام ہیں گیس بالکل بھی نہیں آتی جب پوچھا گیا کہ یہاں کا ایم پی اے اور ایم این اے کون ہے تو بتایا گیا کہ ہمیں معلوم نہیں۔