ایل ڈی اے کے چار ملازمین رواں سال حج کی سعادت حاصل کریں گے
لاہور (اپنے خبر نگار سے) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چار ملازمین اس سال فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ا س مقصد کے لئے قرعہ اندازی گزشتہ روز ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل( ہیڈ کوارٹرز )آمنہ منیرکی زیر نگرانی منعقد ہو ئی جس میں ایل ڈی اے اربن ڈویلپمنٹ ونگ کی طرف سے چار ملازمین کو حج پربھجوانے کے لئے چار علیحدہ علیحدہ ڈبوں سے پرچیاں نکال کر کامیاب ملازمین کے ناموں کا اعلان کیا۔ اس موقع پرڈائریکٹر فنانس ظہیر اصغر رانا ‘ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن خالد پرویز‘ ڈائریکٹر انجینئرنگ مدثر تنویر‘ ڈائریکٹر ایجوکیشن خواجہ جاوید اسلم صحاف ‘ جنرل سیکر ٹری ایمپلائز ویلفیئر یونین (سی بی اے) عقیل اکرم ‘صدر عباس بٹ اور بڑی تعداد میں ایل ڈی اے ملازمین موجود تھے ۔کامیاب ہونے والوں میں گریڈ 1تا4کیٹگری کے محمد اشرف(چوکیدار) متبادل خالدہ پروین نائب قاصد‘ گریڈ 5تا10کیٹگری کے اخلاق (ڈمپر ڈرائیور) متبادل مظہر نوید(ڈیٹا اینٹری آپریٹر)‘ گریڈ 11تا16کیٹگری کے سید وقار عباس (کمپیوٹر آفیسر ) متبادل محمد ریاض خاں(ڈرافٹسمین )اور گریڈ17 اوراس سے اوپرکیٹگری کے فرحان شکیل ( اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ )ا ور متباد ل عادل رضا احسن ( اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل کیڈر ) شامل ہیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آمنہ منیر نے حج قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہحج تمام جسمانی اور مالی عبادتوں کا مجموعہ اور سب سے بڑی عبادت ہے مگر سرکاری فرائض کی دیانت داری سے بجاآوری کر کے عوامی خدمت کے ذریعے رزقِ حلال کمانا تمام ملازمین کااولین فریضہ ہے ۔ تمام ملازمین اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے ادا کریں اور عوام کی توقعات کے مطابق کام کرکے ادارے کے وقار میں اضافہ کریں ۔ جنرل سیکر ٹری ایمپلائز ویلفیئر یونین (سی بی اے) عقیل اکرم نے کہا کہ حج قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے خوش نصیب حرمین شریفین میں دعائیں کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احد خاں چیمہ اور ان کی ٹیم کو خصوصی طور پر یاد رکھیں۔ انہوں نے صاف شفاف حج قرعہ اندازی کروانے پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن خالد پرویز کا شکریہ ادا کیا