نواز شریف پارک میں کمرشل سرگرمیوں کی اجازت دینے پرسیکرٹری کوآپریٹو طلب

نواز شریف پارک میں کمرشل سرگرمیوں کی اجازت دینے پرسیکرٹری کوآپریٹو طلب

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف پارک میں کمرشل سرگرمیوں کی اجازت دینے پرسیکرٹری کوآپریٹو کو وضاحت کے لئے طلب کرلیا ہے ۔ جسٹس سید منصور علی شاہ نے یہ حکم ایک شہری عامر بخت اعظم کی درخواست پر جاری کیا ہے ، درخواست گزار کے وکیل جاوید اقبال بھٹی نے موقف اختیار کیا کہ پارک میں شہریوں اور بچوں کے لئے بجلی کی کاریں اور موٹر سائیکلیں چلیں گی جس سے پارک کا ماحول اور وہاں سیر کے لئے آنے والے شہریوں کے لئے پریشانی پیدا ہو گی، انہوں نے بتایا کہ پارک میں اس منصوبے کی محکمہ ماحولیات سے منظوری نہیں لی گئی جبکہ منصوبے پر عملدر آمد کے لئے متعدد درختوں کو بھی نقصان پہنچایا جا رہا ہے ،نواز شریف پارک میں کمرشل سرگرمیاں بند کرنے کا حکم دیا جائے، فاضل عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ بادی النظرمیں پارکوں میں کمرشل سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عدالت نے سیکرٹری کوآپریٹو کو حکم دیا ہے کہ وہ خود 13مارچ کو عدالت میں حاضر ہو کر وضاحت پیش کریں۔

مزید : علاقائی