حکمرانوں کے بیرون ملک اثاثوں کو وطن واپس لائیں گے،چودھری سرور

حکمرانوں کے بیرون ملک اثاثوں کو وطن واپس لائیں گے،چودھری سرور

 لاہور( نمائندہ خصوصی) پنجاب کے سابق گورنر اور تحریک انصاف کے رہنما چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان سے کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے حکمرانوں کے بیرون ملک موجود اثاثوں کو وطن واپس لانے کے علاوہ قومی وسائل پرقابض 5فیصد طبقے سے اختیارات واپس لے کر 95فیصد عوام کو منتقل کریں گے۔اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری سرور کا کہنا تھا کہ عوام جاگ گئے تو آئندہ کسی کو دھاندلی کرنے کی جرات نہیں ہو گی،انہوں نے کہا کہ کاش حکمران عام بچوں کو بھی اپنے بچے سمجھیں تاکہ انہیں بھی تعلیم اور صحت کی یکساں سہولتیں میسر ہوں کیونکہ پاکستانی سرکاری ہسپتالوں کی خراب حالت زار کو کسی بھی مہذب معاشرے میں برداشت نہیں کیا جا سکتا۔چوہدری محمد سرور نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈکٹیٹر شپ کے دور میں بلدیاتی الیکشن ہوتے ہیں جبکہ جمہوری حکومتیں سالہا سال لوکل باڈیز کے بغیر کام چلاتی ہیں اور یہی مسائل کی اصل جڑ ہے انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کو درست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان چاہتے تو اربوں روپے اکھٹے کر سکتے تھے لیکن اُن پر ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ تحریک انصاف کی قیادت کا مشن اقتدار پر قبضہ کرنا نہیں بلکہ ملک کو ایسا نظام دینا ہے جہا ں سب کو یکساں انصاف مل سکے ۔تحریک انصاف لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ا قتدار کو ٹھوکر مار کر تحریک انصاف کا ساتھ دینے پر زندہ دلانے لاہور چوہدری محمد سرور کو سلام پیش کرتے ہیں۔قبل ازیں چوہدری محمد سرور کی آمد پر کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔انجمن تاجران لاہور کے عہدیداروں میاں طارق فیروز ،حاجی طاہر نوید اور ملک زمان نصیب کی قیادت میں تاجر برادری نے چوہدری محمد سرور کا استقبال کیا جبکہ پارٹی عہدیدار شعیب صدیقی ،میاں حامد معراج ،جمشید اقبال چیمہ ،خواجہ جمشید امام بٹ ،ڈاکٹر زرقا،عائشہ خالد،ثانیہ کامران ،مسرت جمشید ،انیلہ ساجد بیگ ،سید راشد ریاض ،مہر واجد عظیم ،سعید ورک ،میاں یامین ٹیپو ،ڈاکٹر جویریہ ،سیکرٹری اطلاعات فرخ جاوید مون ،ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعا ت سارہ احمد ،شیخ عامر، میاں محمود احمد ،منشاء سندھو ،حاجی اصغر گجر،کرنل محمد شوکت ،حافظ فرحت عباس ،میاں جاوید علی ،نذیر چوہان ،ڈاکٹر شاہد صدیق اور عبدالکریم کلواڑ اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے استقبالیہ میں شرکت کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4