لاہورہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے انتخابات آج ہونگے

لاہورہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے انتخابات آج ہونگے

لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائیکورٹ بارایسوسی ایشن کے انتخابات آج 28فروری کو ہورہے ہیں ،جس میں صدارت کے لئے 2،سیکرٹری کے لئے3، نائب صدر کے لئے 2اور فنانس سیکرٹری کے لئے4امیدوار میدان میں ہیں جبکہ بارکے19ہزار676 ووٹرزنئی قیادت منتخب کریں گے ۔لاہور ہائی کورٹ بار کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت الیکشن ہورہے ہیں اورانڈیپنڈنٹ گروپ اورپروفیشنل گروپ کے امیدواروں میں سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔پروفیشنل گروپ کی قیادت حامد خان جبکہ انڈیپنڈنٹ گروپ کی قیادت اعظم نذیرتارڑ،احسن بھون اور عاصمہ جہانگیر کے ہاتھ میں ہے ۔صدارت کے عہدے کے لئے پروفیشنل گروپ کے محمد شاہد مقبول شیخ اورانڈیپنڈنٹ گروپ کے امیدوار پیر محمدمسعود چشتی کے مابین سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔شاہد مقبول شیخ کو میاں اسرارالحق کے آرائیں گروپ کے علاوہ پیپلز پارٹی کے ایک مضبوط دھڑے کی حمایت بھی حاصل ہے ۔پیپلز پارٹی کا یہ دھڑا پیر مسعود چشتی سے اس بناء پر ناراض ہے کہ انہوں نے وفاقی سیکرٹری قانون کی حیثیت سے یوسف رضا گیلانی کیس میں آصف زرداری کی بجائے بابر اعوان کا ساتھ دیا تھا ۔سیکرٹری کے عہدے کے لئے تین امیدوار محمد احمد قیوم ،میاں اصغر علی اور اصغر علی ہاشمی میں جوڑ پڑے گا۔محمد احمد قیوم سابق جسٹس ملک محمد قیوم کے صاحبزادے ہیں اور انہیں وکلاء کے بڑے بڑے گروپوں کی حمایت حاصل ہے ،غیر جانبدار حلقوں کے مطابق محمد احمد قیوم سیکرٹری کے عہدہ کے لئے مضبوط ترین امیدوار ہیں ۔نائب صدارت کے لئے صوفیہ مسعود ٗ ،محمد عرفان عارف شیخ کے مابین مقابلہ ہوگا۔فنانس سیکرٹری کے عہدے کے لئے 4 امیدواروں عظیم اکرم ،نبیلہ منظور جعفری ،آمنہ اجمل اور سید اختر حسین شیرازی آمنے سامنے ہیں ۔

مزید : صفحہ اول


loading...