جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق

جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق

جوہرآباد(نمائندہ پاکستان)جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق اور تین شدید زخمی ہوگئے‘ پہلا حادثہ تھل کے علاقہ چک زمان میں ہوا جہاں ایک تیز رفتار کوسٹر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں ناصر اقبال جاں بحق اور اس کا بھائی اسد اقبال زخمی ہو گیا۔ رکھ بلند کے رہائشی دونوں بھائی موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ اُنھیں بندیال ٹرانسپورٹ کمپنی کی کوسٹر نے سامنے سے ٹکر ماری۔ دوسرا حادثہ ریلوے کراسنگ کالج چوک جوہرآباد کے نزدیک ہوا جہاں قاضی کالونی کا رہائشی ایک نوجوان سید عامر حسین شاہ آوارہ کتے کو بچاتے ہوئے موٹر سائیکل سے گر کر شدید زخمی ہو گیا‘ سید عامر حسین شاہ کو شدید زخمی حالت میں ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد پہنچایا گیا جہاں سے اسے تشویشناک حالت کے پیش نظر فیصل آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ تیسرا حادثہ دریائے جہلم کے پرانے پل کے نزدیک ہوا جہاں ایک گدھا گاڑی اُلٹ جانے سے موضع نامیوالی کے رہائشی گاڑی بان محمد اسلم کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ دریں اثناء گذشتہ روز ہڈالی کے نزدیک ٹرک اور موٹر سائیکل رکشہ کے تصادم میں زخمی ہونیوالا رمضان کالونی کا رہائشی رکشہ ڈرائیور احمد یار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم تور گیا۔

مزید : علاقائی


loading...