بھولی اور للو ڈکیت گینکس کے سر غنوں سمیت 6 سزا یافتہ ڈاکو گرفتار
لا ہور (کرا ئم سیل )گلشن اقبال پولیس نے گن پوائنٹ پر شہریوں سے موٹر سائیکلیں،موبائل فونز، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء چھیننے کی وارداتوں میں ملوث بھولی ڈکیت گینگ کے2ملزموں کو گرفتارکرکے ان سے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کے دوران لوٹا ہو ا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد اقبال نے ایس پی او اقبال ٹاؤن رانا شبیر احمد کی سربراہی میں ایس ایچ او گلشن اقبال امجد حسین اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دے کر انہیں ان وارداتوں میں ملوث ملزموں کو ٹریس کرنے کا ہدف دیا۔ پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاعات پر ریڈ کرکے بھولی ڈکیت گینگ کے سرغنہ زمان سلیم عرف بھولی اور اس کے ساتھی شاہد وقار عرف اللہ رکھا کو گرفتار کرکے ان سے مسروقہ طلائی زیورات،3 موبائل فونز،10ہزارنقدی، دیگر قیمتی اشیاء اورناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے جبکہ ملزموں کا تیسرا ساتھی جاوید عرف جیدا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات میں کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کردیتے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے تھانہ گلشن اقبال، اقبال ٹاؤن، سبزہ زار، سمن آباد، ہنجر وال، شادمان، وحدت روڈ،مسلم ٹاؤن اور اچھرہ کے علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی26مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزموں کے خلاف مذکورہ تھانوں میں ڈکیتی اور راہزنی کے متعدد مقد مات بھی ٹریس ہوئے ہیں۔ملزموں کو مزید تفتیش کے لئے انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دیا گیا ہے جن سے مزیدبرآمدگی اور انکشافات کی توقع ہے ۔ڈی آئی جی آپریشنزڈاکٹر حیدر اشرف نے ایس ایچ او گلشن اقبال اوران کی ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنزڈاکٹر حیدر اشرف کی ہدایت پرڈیفنس بی پولیس نے ڈکیتی و راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث محمد علی میو المعروف للو ڈکیت گینگ کے04ملزمان کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں سابق کنسٹیبلان روشن علی اور منتظر مہدی شامل ہیں۔پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے 1لاکھ 50ہزارنقدی ، 20موبائل فونز،ایپل آئی پیڈزاور اسلحہ برآمد کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایس پی کینٹ محمد ندیم کھوکھرکو خٖفیہ اطلاع ملی کہ ملزمان واردات کی نیت سے تھانہ ڈیفنس بی کے علاقہ الفلاح ٹاؤن میں موجو ہیں جس پر ایس پی کینٹ محمد ندیم کھوکھرنے ڈی ایس پی سرکل ڈیفنس ایریا عاصم افتخار کو حکم دیاکہ ایس ایچ او ڈیفنس بی انسپکٹرغلام دستگیرخصوصی پولیس ٹیم کے ہمراہ الفلاح ٹاؤن چھاپہ مار کر ملزمان کو گرفتار کریں اور ڈکیتی کی منصوبہ بندی کو ناکام بنائیں جس پر ایس ایچ او ڈیفنس بی انسپکٹرغلام دستگیر نے ماہرانہ منصوبہ بندی کر کے پولیس کی خصوصی ٹیم کے ہمراہ الفلاح ٹاؤن میں چھاپہ مار کر 4ملزمان کوسر غنہ سمیت گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے گن پوائنٹ پر چھینا گیا مال برآمد کر لیا۔ گرفتارملزمان میں محمد علی میو المعروف للو،محمد زمان عرف زمانی،منتظر مہدی اور روشن علی شامل ہیں۔ملزمان ڈکیتی و راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں اور ان کے خلاف 100سے زائد چوری و راہزنی کے مقدمات ٹریس ہوئے ہیں۔گرفتارملزمان کے خلاف ڈیفنس A،ڈیفنس B،ڈیفنس C،مغلپورہ،تھانہ شمالی چھاؤنی اور گجرانوالہ میں ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات درج ہیں۔ملزمان کو انوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیاہے جن سے مزید انکشافات بھی متوقع ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے محمد علی المعروف للو میو ڈکیت گینگ کی گرفتاری پر خصوصی پولیس ٹیم کے لئے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔