حساب کتاب میں کمزور طالب علموں کیلئے زبردست ایپلی کیشن
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) اگر آپ ہائی سکول یا کالج میں ریاضی کے طالب علم ہیں اور مشکل سوال حل کرنے سے پریشان ہیں تو اس پر ہونے والی کوفت کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ انٹرنیٹ اور گوگل سرچ کی آمد نے بہت سی مشکلات آسان کر دی ہیں تاہم ریاضی کے مشکل ترین سوالات کا حل ڈھونڈنے میں خاصی دقت پیش آتی ہے تاہم اب پریشانی کی کوئی بات نہیں کیونکہ "Microblink" نامی کمپنی کی آئی فون پر موجود مشہور ایپلی کیشن "Photomath" کو اینڈرائڈ صارفین کیلئے بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔
یہ ایپلی کیشن موبائل فون کے کیمرے کو استعمال کرتے ہوئے ریاضی کے سوال کو پہچان کر نا صرف فوراً اس کا جواب فراہم کر کرتی ہے بلکہ سوال کو حل کرنے کے طریقے سے بھی مکمل آگاہی دیتی ہے۔ فوٹو میتھ ایپلی کیشن کو استعمال کرتے ہوئے ریاضی کے سوالات کو حل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ جس سوال کا جواب چاہئے وہ کسی کتاب، صفحے یا اسی طرح کی دوسری چیز پر ”پرنٹ“ ہو کیونکہ ابھی یہ ایپلی کیشن ہاتھ سے لکھے گئے سوالات کو پہچاننے کی صلاحیت سے قاصر ہے تاہم کمپنی نے صارفین سے وعدہ کیا ہے کہ وہ بہت جلد ہاتھ سے لکھے گئے سوالات کو پہچان کر انہیں حل کرنے کا فیچر بھی اس ایپلی کیشن میں شامل کر دے گی۔
اگر آپ ریاضی کے سوالات کو حل کرتے کرتے تھک چکے ہیں اور گوگل پر سرچ کرنے کے باوجود بھی جوابات ڈھونڈنے سے قاصر ہیں تو یہ ایپلی کیشن بہترین انتخاب ثابت ہو سکتی ہے جو گوگل پلے سٹور پر بالکل مفت دستیاب ہے اور نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کر کے ڈاﺅن لوڈ کی جا سکتی ہے۔
https://play.google.com/store/apps/details?id=com.microblink.photomath&hl=en