افغانستان کی سیکیورٹی فورسز کا مختلف کاروائیوں میں 21 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ
کابل (اے پی پی) افغانستان کی سیکیورٹی فورسز نے ملک میں مختلف کارروائیوں میں طالبان کے دو شیڈو گورنروں سمیت 21افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیاہے،قندوز کیلئے طالبان کے شیڈو گورنر ملا عبدالسلام امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے۔افغان میڈیا کے مطابق کابل میں وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں اورعسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں جن میں طالبان کے ارزگان کیلئے شیڈو گورنرشیخ حمزہ سمیت 21 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ یہ کارروائیاں ننگرہا، کپیسا، پکتیاء، پکتیکا، غزنی، لوگر،خوست،بامیان،ارزگان،زابل،بغلان اورقندوز میں کی گئیں۔مرنے والوں میں طالبان کے اہم رہنماء حاجی عبداللہ کی ہلاکت کا بھی دعویٰ کیا گیاہے۔دریں اثناء شمالی صوبہ قندوز میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں قندوز کیلئے طالبان کے نامزد شیڈو گورنر کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیاہے۔ترجمان گورنر قندوز نے میڈیا کو بتایا کہ قندوز کے ضلع دشت آرچی میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں صوبہ کیلئے طالبان کے نامزد گورنرملا عبدالسلام اپنے تین ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگئے ہیں۔قبل ازیں افغان حکام نے خودکش حملے میں ملا عبدالسلام کے زخمی ہونے اور ان کے تاجکستان منتقل ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔