پی ایس ایل فائنل لاہور میں کراکر حکومت نے قوم کا دل جیت لیا :صادق محمد
لاہور (سپورٹس رپورٹر)سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ حکومت نے پی ایس ایل ٹو کے فائنل کو لاہور میں منعقد کرنے کا اعلان کرکے پوری قوم کے دلوں کو جیت لیا ہے اور انشاء اللہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بھی جلد بحال ہوگی ۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر پی ایس ایل کا فائنل کا لاہور میں انعقاد نہ ہوتا تو پوری دنیا کو غلط پیغام ملتا کہ پی سی بی نے اعلان کے باجود فائنل لاہور میں نہیں کروایا اور اسے اپنے ملک کی سیکورٹی پر اعتماد نہیں ہے ۔صادق محمد نے کہا وہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو اس دلیرانہ فیصلہ پر مبارکبا د پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے پوری قوم کے جذبات کو مد نظر رکھ کر فیصلہ کیا ہے ۔پاکستانی بہادر ہیں اور وہ دہشت گردوں کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے ۔صادق محمد نے کہاکہ پی سی بی کو فائنل دیکھنے کے لئے سابق کرکٹرز کو بھی مدعو کرنا چاہئے ۔