بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام پریشانی کا شکار ہیں،ناصر رمضان گجر
لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے کہا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام پریشانی کا شکار ہیں ۔بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے واسا کے ٹیوب ویل بند ہونے سے پانی نایاب ،بجلی کی بندش سے مارکیٹوں میں کاروبار تباہ اور مزدوں فاقوں پر مجبور ہیں انہوں نے کہا کہ جوں جوں موسم گرما شروع ہورہا ہے بجلی کی طلب اور پیداوار میں فرق بڑھے گا ۔
جس کے باعث لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں بھی اضافہ ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ناصر رمضان گجر نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمہ اور سستی بجلی کے حصول کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا آغاز کیا جائے کیونکہ کالا باغ ڈیم واپڈا کے قابل عمل منصوبوں میں شامل ہیں اور یہ جلد تعمیر ہونے والا منصوبہ بھی ہے جس کی تعمیر سے 3600میگا واٹ سے زائد اڑھائی روپے یونٹ والی بجلی سسٹم میں شامل ہوگی اور لوڈ شیڈنگ کابھی خاتمہ ہوجائے گا اور عوام کو سستی بجلی مہیا ہونے کے ساتھ ساتھ دریاؤں میں زراعت کے لیے سارا سال پانی بھی دستیاب رہے گا اس لیے حکومت دیگر منصوبوں کے ساتھ ساتھ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے اختلافات رائے ختم کروائے اور اس کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کرے کیونکہ یہ ملکی مفاد کا منصوبہ ہے۔